ایم ڈی کیٹ امتحان کے انتظامات مکمل، امیدواروں پر بڑی پابندی عائد

8 Sep, 2023 | 03:48 PM

زاہد چودھری: میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے 10 ستمبر کو ہونے والے ایم ڈی کیٹ امتحان کےانتظامات مکمل کر لیے گئے،  ایم ڈی کیٹ امتحان اتوار کو صبح 10 سے ڈیڑھ بجے تک منعقد ہوگا۔

وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور  نے سٹی 42 سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر حکومت پنجاب نے امتحان کیلئے انتظامات کیے ،10 ستمبر کو ہونے والے امتحان میں67 ہزار طلبا  حصہ لیں گے، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر انتظام 11 شہروں میں امتحان ہوگا ، ایم ڈی کیٹ امتحان کیلئے لاہور میں 9 امتحانی مراکز قائم کردیے گئے، ڈپٹی کمشنرز تمام شہروں میں امتحانی مراکز کے انتظامات کے ذمہ دار ہونگے ۔

وی سی یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے  بتایا کہ وائس چانسلرز ، پرنسپلز، محکمہ صحت کے افسران ایم ڈی کیٹ کی نگرانی کریں گے، ایم ڈی کیٹ امتحان کیلئے ہال میں امیدوار 9 بجے تک داخل ہو سکیں گے ، امتحان کا دورانیہ ساڑھے 3 گھنٹے ہوگا، امتحان 200معروضی سوالات پر مشتمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز پر غیر متعلقہ افراد کا داخلہ روکنے کیلئے دفعہ 144نافذ کر دی جائے گی، امتحانی مراکز پر سکیورٹی کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی،امتحانی ہال میں داخلے سے قبل امیدواروں کی جامع تلاشی بھی لی جائیگی، ہر امتحانی مرکز پر ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے ایمبولینس، ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف صبح7بجے سے موجود ہوگا،قریبی ٹیچنگ ہسپتالوں اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتالوں کو بھی ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔ 

انہوں نے بتایا کہ ایم ڈی کیٹ کے  امیدوار کو کسی بھی قسم کی الیکٹرانک ڈیوائس، ڈیجیٹل گھڑی استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایم بی بی ایس میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ امتحان میں کم از کم 55فیصدنمبر لینا لازمی جبکہ بی ڈی ایس میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ میں کم از کم50فیصدنمبر لینا لازمی ہیں۔ 



مزیدخبریں