مانیٹرنگ ڈیسک: گوگل کروم کی 15 سال مکمل ہونے پر کمپنی کی جانب سے ویب براؤزر کے نئے ڈیزائن اور چند فیچرز کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔
گوگل کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں اعلان کیا گیا کہ ڈیسک ٹاپ کے لیے کروم کو ری ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔گوگل کروم میں نئے تھیم اور کلر آپشنز ری ڈیزائن براؤزر کا حصہ ہوں گے جبکہ ویب براؤزر کے آئیکونز کو بھی اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔کمپنی نے بتایا کہ کروم کا نیا ڈیزائن میٹریل یو ڈیزائن لینگوئج پر مبنی ہوگا۔
گوگل کی جانب سے کروم مینیو کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کے لیے مختلف فیچرز اور آپشنز جیسے گوگل ٹرانسلیٹ اور ایکسٹینشنز کا استعمال آسان ہو جائے۔کمپنی کی جانب سے کروم ویب اسٹور کو بھی ری ڈیزائن کیا جا رہا ہے جبکہ سائیڈ بار میں ایک فیچر بھی صارفین کو دستیاب ہوگا تاکہ کسی سائٹ سورس کے حوالے سے انہیں اضافی معلومات تک رسائی حاصل ہو سکے۔
گوگل کے مطابق کروم پر سیف براؤزنگ کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کو میل وئیر اور دیگر آن لائن خطرات سے تحفظ مل سکے۔
خیال رہے کہ گوگل کروم کو ستمبر 2008 میں متعارف کرایا گیا تھا۔