(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں ورکرز کنونشن کی اجازت دے دی۔
چيف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے پی ٹی آئی کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ورکرز کنونشن کی اجازت نہ دیئے جانے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دُگل نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو این او سی جاری کردیا ہے۔
تحریک انصاف کے وکیل نے بھی عدالت کے روبرو تصدیق کی کہ ہمیں این او سی مل گیا ہے، قواعد و ضوابط بھی طے ہوگئےہیں، ایک درخواست ہے کہ عدالت آئندہ کے لیے ڈائریکشن دے دیں۔
چيف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے کہ مستقبل کے لیے ہم کوئی ڈائریکشن نہیں دے سکتے،یہ انتظامی معاملہ ہے،مستقبل میں کیا ہوسکتا ہے کیوں کہ حالات کا پتہ نہیں ہوتا،عدالت انتظامیہ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی، آپ کو این او سی مل گیا ہے بس آپ کی درخواست نمٹا رہے ہیں۔