ویب ڈیسک : فرانسیسی ملکہ میری انطونیا کے ہیروں کے دوبریسلٹ نیلامی کے لئے پیش کردئیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ایک تا چار قیراط کے 224 نادر ونایاب ہیروں پر مشتمل دو بریسلٹ نومبر میں کرسٹیز جینوا میں نیلامی کے لئے پیش کئے جائیں گے۔ نیلام گھر نے بریسلٹ کی ابتدائی قیمت دو تا چار ملین ڈالر لگائی ہے۔ کرسٹیز کی ماہر نوادرات میری سیسل کا کہنا ہے کہ ہیروں کی قیمت سے قطع نظر ان زیورات کی اہمیت اس لئے بھی زیادہ ہے کہ یہ بریسلٹ ملکہ میری انطونیا کی پسندیدہ ترین جیولری تھی اور ان کے ذاتی ا ستعمال میں رہے۔ یادرہے 2018 میں ملکہ میری کا موتیوں اور ہیروں سے بنا پینڈٹ سودبی نیلام گھر کے ذریعے 36 ملین ڈالر میں فروخت ہوا تھا جبکہ اس کی نیلام گھر نے قیمت ایک تا دو ملین ڈالر لگائی تھی۔ ملکہ میری انطونیا نے 1776میں تاج پوشی کے فوری بعد ان بریسلٹ بنانے کا سنار چارلس آگسٹ بومر کو آرڈر دیا تھا۔
یادرہے بدقسمت ملکہ میری انطونیا کو اس کے شوہر اور بچوں سمیت پہلے قید میں رکھاگیا اور 1793میں صرف 37سال کی عمر میں گلوٹین کے ذریعے موت کے گھاٹ اتاردیا گیا تھا ۔ بھوک سے بے حال عوام کا جم غفیر ملکہ فرانس میری انطونیا کے محل کے باہر جمع تھا مظاہرین کے شور شرابے پر ملکہ میری انطونیا نے سادگی سے پوچھا یہ لوگ کیوں شور مچا رہے ہیں؟ تب درباریوں نے بتایا کہ سلطنت کے عوام بھوکے ہیں اور روٹی نہ ملنے کی شکایت کر رہے ہیں۔ ملکہ نے تعجب اور حیرت سے جواب دیا۔ ’’روٹی نہیں ملتی تو لوگ کیک کیوں نہیں کھا لیتے؟ملکہ کا یہ جملہ نہ صرف تاریخ کا حصہ بن گیا بلکہ انقلاب فرانس کا محرک بھی بنا۔