ٹی 20 ورلڈ کپ کی سیلیکشن پر پیدا ہونے والے تنازعے پر پی سی بی نے خاموشی توڑ دی

8 Sep, 2021 | 02:04 PM

Abdullah Nadeem

ویب ڈیسک:     نیوزی لینڈ، انگلینڈ کیخلاف سیریز اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان ہونے کے بعد سے پاکستان کرکٹ ٹیم میں سلیکشن سے متعلق نئے تنازعے نے جنم لیا ہے جس پر اب  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ردعمل سامنے آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو  وسیم خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ہمیں معلوم ہوا ہے کہ قومی ٹیم کے ماحول سے متعلق حقائق کے منافی رپورٹس گردش کر رہی ہیں، آئندہ بین الاقوامی اسائنمنٹس کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا جاچکا ہے اور اس سلسلے میں جو سمت اختیار کی گئی ہے ہمارے کپتان بابر اعظم مکمل طور پر اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وسیم خان نے مزید کہا کہ ’لازم ہے کہ ہم سب مل کر اس اسکواڈ کو مستحکم کریں اور اس کی مکمل حمایت کریں تاکہ اس کی تمام تر توجہ آئندہ ماہ شیڈول آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پر مرکوز ہوسکے۔‘ 6 ستمبر کو  نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کیخلاف سیریز اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان ہونے کے کچھ دیر بعد اچانک مصباح الحق ہیڈ کوچ اور وقار یونس بولنگ کوچ کے عہدے سے دستبردار ہوگئے تھے۔

ذرائع کے مطابق مصباح الحق  نے  آج پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے ملاقات کی۔وسیم خان نے مصباح الحق کو نیوزی لینڈ سیریز میں آرام لینے کا کہا جب کہ اس دوران مصباح اور وسیم خان کے درمیان بحث بھی ہوئی۔ مصباح الحق نیوزی لینڈ سیریز میں کوچنگ کے خواہش مند تھے اور ان کو ٹیم سلیکشن پر بھی تحفظات تھے، وہ اعظم خان کی ٹیم میں شمولیت کے سخت خلاف تھے۔اگلے روز قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی سلیکشن پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں