سٹی 42: گور نر پنجاب چودھری محمدسرور سےچیئر مین سینیٹ اوراپوزیشن سینیٹرز کی ملاقات، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اپوزیشن سینیٹرز کو انتخابی اصلاحات پر حکومت کے ساتھ بیٹھنےکامشورہ دیدیا،انتخابی اصلاحات حکومت اوراپوزیشن جماعتوں اور ملک وقوم کے مفادمیں ہیں: گور نر پنجاب
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاوس میں گورنر پنجاب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی‘سینیٹر مشاہد حسین سید اور سینیٹرغفورحیدری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر پنجاب، چیئر مین سینیٹ اور اپوزیشن سینیٹرز کی کشمیر یوں پر جاری بھارتی دہشت گردی کی بھی شدید مذمت کی۔ ملاقات میں گورنر پنجاب چودھری محمدسرور نے اپوزیشن جماعتوں کو انتخابی اصلاحات پر حکومت کے ساتھ بیٹھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وقت ذاتی اور سیاسی نہیں ملکی اور قومی مفادات کے تحفظ کر نے کا ہے۔انتخابی اصلاحات حکومت اوراپوزیشن جماعتوں اور ملک وقوم کے مفادمیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو انتخابی اصلاحات کے معاملے پر حکومت کیساتھ بیٹھنا چاہیے۔ اپوزیشن حکومت کیخلاف سڑکوں پر آکر اپنا اور قوم کے وقت کا ضیاع کر یگی۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا افغانستان سمیت پورے خطے میں پاکستان کا کردار ہر لحاظ سے مثالی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان میں پینے کے صاف پانی اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے لیے گورنر پبجاب کے اقدامات کو سراہا۔چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کر نا چاہیے۔ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ جمہوریت اور پار لیمنٹ کی مضبوطی سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا اور مسائل حل ہوں گے۔