وزیراعلیٰ نے پنجاب روزگار سکیم شروع کرنے کی منظوری دیدی

8 Sep, 2020 | 12:06 PM

Sughra Afzal

(علی اکبر) بیروزگاروں کیلئے بڑی خوشخبری، وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے پنجاب روزگار سکیم شروع کرنے کی منظوری دیدی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت ایوان وزیراعلیٰ میں اجلاس ہوا جس میں تمام وزراء نے شرکت کی، اجلاس میں وزیراعلیٰ نے پنجاب روزگار سکیم شروع کرنے کی منظوری دیدی، سردارعثمان بزدار نے پنجاب روزگار سکیم کو رواں ماہ ہی لانچ کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سکیم کے تحت 30 ارب روپے سے زائد کے قرضے آسان شرائط پر دیئے جائیں گے، سکیم کاروبار کی بحالی کیلئے ممدو معاون ثابت ہو گی، کاروبار کیلئے آسان شرائط پر قرضہ فراہم کیا جائے گا،  سکیم کے تحت ایک کروڑ تک کا قرضہ لیا جا سکے گا، خواجہ سراء بھی قرضہ سکیم سے استفادہ کر سکیں گے جبکہ خواتین کیلئے مارک اَپ کم رکھا گیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کورونا سے کاروبار متاثر ہوئے ہیں اس سکیم سے متاثرین کو ریلیف ملے گا، مارک اَپ کو مزید کم کرنے کا جائزہ لیا جائے، تا کہ عام آدمی بھی اس سکیم سے استفادہ کر سکے۔ 

عثمان بزدار نے کہا کہ قرضوں سے صوبے کی صنعت ترقی کرے گی اور معاشی بہتری سے عوام خوشحال ہوں گے، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ملک کو معاشی اعتبار سے مضبوط بنانے کیلئے کوشاں ہیں اور یہ سکیم بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

دوسری جانب عثمان بزدار نے نیوی ڈے پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ 8 ستمبر 1965 کو پاک بحریہ نے ازلی دشمن پر اپنی بہادری اور جرات کی دھاک بٹھائی، نیوی ڈے پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کے عظیم کارناموں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، پاک بحریہ نے جرأت کی مثال قائم کرتے ہوئے بھارتی نیوی کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا,  8 ستمبر کو پاک بحریہ کے جانبازوں نے شجاعت کی نئی تاریخ رقم کی، پاک بحریہ کے جوانوں نے پاکستان کی سمندری حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو شکست دی۔

مزیدخبریں