حکومتی اقدامات بے سود، شہر کے سیوریج میں پولیو وائرس کی پھر تصدیق

8 Sep, 2020 | 11:23 AM

Sughra Afzal

جیل روڈ (زاہد چودھری، عثمان علیم) لاہور میں پولیو کا خطرہ بدستور برقرار، اگست میں حاصل کیے گئے سیوریج کے تمام نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی، اگست کے اوائل میں آؤٹ فال روڈ ڈسپوزل سٹیشن سے سیوریج کے نمونے حاصل کیے گئے تھے۔

گلشن راوی اور ملتان روڈ ڈسپوزل سٹیشن سے لیے گئے سیوریج کے ایک ایک نمونے کا قومی ادارہ صحت اسلام آباد میں تجزیہ کرنے کے بعد تمام سیمپلز میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی گئی، لاہور میں پولیو وائرس ٹائپ ون کی موجودگی بدستور سنگین خطرہ ہے۔ جون 2018ء سے شہر کے سیوریج میں پولیو وائرس کی مسلسل موجودگی نے حکومتی اقدامات کا پول کھول دیا ہے اور پولیو سے شہر کو پاک کرنے کیلئے کئے گئے تمام اقدامات تاحال بے سود دکھائی دے رہے ہیں۔علاوہ ازیں شہر میں ڈینگی بے قابو، دوران سرویلنس 20 مختلف مقامات سے ڈینگی لارواملنے کی تصدیق ہوگئی۔

 ڈپٹی کمشنر دانش افضال کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف علاقوں کے دورے کیے اور ڈینگی سرویلنس کاجائزہ لیا۔ اس دوران 20 مختلف مقامات سے ڈینگی لاروابرآمدہوا۔ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ مرضیہ سلیم نے یو سی 54 عزیز بھٹی زون کا دورہ کیا جہاں ڈینگی سرویلنس کے دوران 14 گھروں سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا جس پر گھروں کے مالکان کو وارننگ جاری کی گئی اور آئندہ کے لئے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان رانجھا نے یو سی 97 کا دورہ کیا، ڈینگی ورکرز کی حاضری ا ور کارکردگی کا جائزہ لیا ، دوران سرویلنس دو مقامات سے ڈینگی لاروا کی تصدیق ہوئی جن کو موقع پر تلف کر دیا گیا اور ڈینگی سپرے کو یقینی بنایا گیا، ڈور ٹو ڈور مارکنگ اور روف مارکنگ کو بھی چیک کیا گیا، اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشید نے یو سی 120 اقبال ایونیو کا دورہ کیا ، جہاں سے دوران سرویلنس چار جگہ سے ڈینگی لاروا کی تصدیق ہوئی جن کو موقع پر تلف کروا دیا گیا۔ 

 

مزیدخبریں