پولیس تشدد سے مرنے والے عامر کی پوسٹمارٹم رپورٹ میں ہولناک انکشافات

8 Sep, 2019 | 04:51 PM

Sughra Afzal

(سٹی 42) شمالی چھاؤنی انویسٹی گیشن پولیس کے بہیمانہ تشدد سے ہلاک ہونے والے عامر مسیح کی پوسٹمارٹم رپورٹ آگئی۔

 تین ستمبر کو  شمالی چھاؤنی انویسٹی گیشن پولیس کی حراست میں  مرنے والے عامر مسیح کی پوسٹمارٹم رپورٹ میں تشدد کی تصدیق ہوگئی،  پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق مقتول کے دونوں  ہاتھوں، پاؤں، بازو اور کمر پر تشدد کے نشانات موجودہیں۔

 پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ  عامر مسیح کی پسلیاں ٹوٹی ہوئی تھیں اور اسے تشدد کا نشانہ بنانے کے لیے کند آلے کا استعمال کیا گیا۔

سٹی  42  نےشمالی چھاؤنی انویسٹی گیشن پولیس کے اہلکاروں کی عامرمسیح کو ہسپتال منتقل کرنےکی فوٹیج حاصل کرلی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہےکہ سول وردی میں ملبوس دو اہلکار عامر مسیح کو موٹرسائیکل پر لے کر آئے اور  جب اسے موٹر سائیکل سے اُتار تو وہ زمین پر گر گیا کیونکہ وہ کھڑے ہونے کے قابل نہیں تھا ، پولیس اہلکاروں نے اسے ٹھڈے مارے اور گھسیٹتے ہوئے  ہسپتال لے جانے کی کوشش کی۔

واضح رہےکہ چند روز قبل شمالی چھاؤنی کے علاقے میں عامر مسیح نامی ملزم پولیس حراست میں تشدد کے بعد  سروسز ہسپتال میں دم توڑ گیا تھا،  انچارج انویسٹی گیشن ناصر بیگ عبوری ضمانت کروا کر ڈی ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے سامنے پیش ہوگیا، پولیس تاحال کسی پیٹی بھائی کو گرفتار نہیں کر پائی۔

مزیدخبریں