(شہزاد خان) 9 اور 10 محرم الحرام کی مناسبت سے شہر کی چھوٹی بڑی اہم مارکیٹیں بند رہیں گی، تمام مارکیٹوں کے عہدیدران کی جانب سے نویں اور دسویں محرم الحرام کو مارکیٹیں بند رکھنے کے حوالے سے سرکلر جاری کردیئے گئے، لاہور چیمبر بھی منگل تک بند رہے گا۔
شہر کی چھوٹی بڑی اہم مارکیٹیں، بازار، شاپنگ سنٹر، پلازے اور مالیاتی ادارے نویں اور دسویں محرم الحرام کی مناسبت سے بند رہیں گے، تاجر رہنماؤں کی جانب سے مارکیٹیں بند رکھنے کے سرکلر بھی جاری کردیئے گئے ہیں، صدر بادامی باغ آٹو پارٹس مارکیٹ وقار احمد میاں، صدر منٹگمری مارکیٹ شاہد نذیر، صدر فیروز پور روڈ بورڈ مارکیٹس، صدر آل پاکستان انجمن تاجران اور صدر اُردو بازار خالد پرویز، صدر لوہا مارکیٹ، سرکلر روڈ، میڈیسن مارکیٹ لوہاری، شاہ عالم مارکیٹ، اعظم کلاتھ مارکیٹ کے عہدیدران کی جانب سے بھی مارکیٹیں بند رکھنے کے سرکلر جاری کیے گئے، 10 محرم الحرام کے بعد مارکیٹیں بدھ کے روز کھلیں گی۔