(عمران یونس) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شاہدرہ میں معروف برانڈ کی جعلی بوتلیں بنانے اور زائدالمعیاد انرجی ڈرنکس کی مدت معیاد بدلنے والی فیکٹری سیل کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد عثمان کی سربراہی میں ٹیم نے شاہدرہ میں چھاپے کے دوران مختلف معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں تیار کرنے والی فیکٹری پکڑ لی۔ فوڈ ٹیم نے ڈیڑھ لیٹر والی 10 ہزارسے زائد بوتلیں برآمد کر کے تلف کر دیں۔ فیکٹری میں انرجی ڈرنکس کی تاریخ تبدیل کر نے کا مکروہ دھندہ بھی جاری تھا۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق زائد المعیادانرجی ڈرنکس کے 4 ہزار سے زائد کین بھی برآمد کر کے تلف کر دیئے گئے ہیں جبکہ فیکٹری مالک فرار ہوگیا۔قصور پورہ راوی روڈ شاہدرہ میں واقع فیکٹری ظاہری طور پر ہول سیل ڈسٹری بیوٹر بن کر کام کر رہی تھی۔
ڈی جی کا کہنا ہے کہ جعل سازی کا مکروہ دھندہ کرنیوالے بچوں اور بڑوں کی صحت سے خطرناک کھلواڑ کرتے ہیں۔ڈی جی نے آپریشنز اور ویجیلنس ٹیموں کو ملاوٹ مافیا کیخلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایات کردیں۔