خواتین اور مردوں کی قومی ویٹ لفٹنگ چیمپئین شپ شروع ہو گئی

8 Oct, 2024 | 11:57 PM

سٹی42: لاہور میں  66ویں ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ اور خواتین کی چھٹی قومی ویٹ لفٹنگ چیمپئین شپ کا  آغاز ہو گیا۔

انتہائی متوقع 66ویں ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ اور 6ویں قومی خواتین ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2024 آج منگل کو برٹ انسٹی ٹیوٹ ویڈنگ ہال میں شروع ہوئی۔پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے صدر  حافظ عمران بٹ نے 4 روزہ چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔ 

پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن سے وابستہ کل 75 مرد ویٹ لفٹرز اور 61 خواتین ویٹ لفٹرز  ان پروقات چیمپئین شپس میں حصہ لے رہے ہیں۔ چیمپئن شپ میں پاکستان واپڈا، پاکستان آرمی، پاکستان پولیس، پاکستان ریلوے، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور چاروں صوبوں اور اسلام آباد سمیت مختلف اداروں ککی ٹیمیں شامل ہیں۔ 
چیمپئن شپ کے پہلے دن کئی ویٹ لفٹرز نے اپنی غیر معمولی طاقت اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔ 55 کلو گرام کی کلاس میں پاکستان آرمی کے حیدر سلمان نے کل 230 کلو گرام وزن اٹھا کر طلائی تمغہ جیتا۔ پنجاب کے سبحان علی نے 192 کلو گرام وزن اٹھا کر دوسری جبکہ پاکستان ریلوے کے محمد کامران نے 188 کلو گرام وزن اٹھا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

61 کلو گرام کی کلاس میں ایچ ای سی کے محمد یوسف 258 کلوگرام وزن اٹھا کر چیمپئن بن  گئے۔پاکستان آرمی کے محمد علی غنی نے کل 257 کلو گرام وزن اٹھا کر دوسری جبکہ پنجاب کے تیمور خان نے 239 کلو گرام وزن اٹھا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

67 کلو گرام کی کلاس میں پاکستان آرمی کے ابوبکر غنی نے 263 کلو گرام وزن اٹھا کر ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ واپڈا کے شجاعت کلیم نے دوسری اور پاکستان ریلویز کے محمد شایان نے 233 کی مجموعی لفٹ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔  آج کے مہمان خصوصی سابق چیئرمین پاکستان ریلوے سابق سینئر نائب صدر پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن محمد جاوید انور بوبک نے مردوں کے وزن میں انعامات تقسیم کئے۔

اس چار روزہ چیمپئن شپ کی آرگنائزنگ ٹیم میں نزہت جبین، عقیل جاوید بٹ، امجد امین بٹ شامل ہیں۔ ریفری پینل میں ظہور احمد، سہیل بٹ، اکبر علی شامل ہیں۔ جبکہ اناؤنسر ٹیم میں نائلہ مقصود بٹ، وقاص اکبر اور عامر علی شامل ہیں۔ ٹیکنیکل افسران میں عرفان بٹ، قیصر افتخار اور ادیب اکرم شامل ہیں۔

مزیدخبریں