سٹی42:وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت غزہ اور فلسطین میں پاکستان کی جانب سے امدادی سامان بھیجنے کی پیشرفت کے حوالے سے اجلاس ہوا
وزیراعظم نے کہا صیہونی افواج کے زیر عتاب فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے ہمیں بحیثیت قوم متحرک ہونا پڑے گا،حکومت پاکستان لبنان میں پھنسے 71 پاکستانی شہریوں کو بذریعہ دمشق وطن واپس لا رہی ہے۔ وزیراعظم نے تین دن میں حکومت پاکستان کی جانب سے فلسطین کے لیے امدادی پروگرام کا لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کرتےہوئے کہا امدادی سرگرمیوں میں ملک کی معروف این جی اوز کو شامل کیا جائے، غزہ سے تعلق رکھنے والے زیادہ سے زیادہ طلباء کو پاکستان میں تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں، اس سرگرمی میں سرکاری اور نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے تعلیمی اداروں کی شرکت یقینی بنائی جائے،
وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اکتوبر 2023 سے اب تک پاکستان کی جانب سے 1810 ٹن پر مشتمل ادویات، غذائی سامان، ملبوسات اور دیگر امدادی اشیاء کی دس کھیپ فلسطین بھیجی جا چکی ہیں، مزید پاکستانی شہریوں کو جنگ زدہ علاقوں سے وطن واپس لانے کے لیے اقدامات لیے جا رہے ہیں۔