ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایئرپورٹ کے سکیورٹی سسٹم کو چکمہ دینا ملزم کا مہنگا پڑگیا

ایئرپورٹ کے سکیورٹی سسٹم کو چکمہ دینا ملزم کا مہنگا پڑگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اہلکاروں نے ایک افغان شہری کو جعلی پاسپورٹ کے ساتھ غیرقانونی طور پر کینیڈا جانے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ 

تفصیلات کےمطابق ملزم رحمت اللہ کینیڈا کے سٹڈی ویزا پر سفر کرنے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن ایئرلائن کے عملے نے اس کے بورڈنگ کارڈ اور دیگر دستاویزات کو مشکوک جان کر ایف آئی اے کو رپورٹ کر دیا۔
ملزم کے ایف آئی اے کو دیے گئے بیان کے مطابق اس کے کینیڈا جانے کا منصوبہ ایک ایجنٹ عثمان کے ساتھ طے ہوا تھا، جس نے اس سے 50 لاکھ روپے کی ڈیمانڈ کی تھی جو بعد میں 28 لاکھ روپے میں طے ہوئی، یہ رقم اس کی کینیڈا روانگی پر ادا کی جانا تھی۔

ملزم نے بتایا کہ ایئرپورٹ کے عملے کے دو اہلکاروں کی مدد حاصل تھی، جن میں ایک ہیڈ کانسٹیبل کامران وحید اور دوسرا اہلکار احمد عمر شامل تھا، دونوں نے اس کےسفر کی کوشش کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

 ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق رحمت اللہ کے پاس جعلی بورڈنگ پاس، جعلی کینیڈا سٹڈی پرمٹ اور الیکٹرانک ٹریول اجازت نامہ موجود تھے،ایف آئی اے کے ایک سینیئر افسر نے بتایا کہ رحمت اللہ قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 783 کے ذریعے کینیڈا جانا چاہتے تھے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کا کہناتھا کہ پاکستان کے ہوائی اڈوں پر اب جدید سسٹم نصب کر دیا گیا ہے، جس سے غیرقانونی طریقے سے سفر کرنے والوں کے لیے سفر کرنا آسان نہیں رہا ہے،ہوائی اڈوں پر حال ہی میں سکینڈ لائن بارڈر کنٹرول کا سسٹم نافذ کیا گیا ہے، یہ سسٹم جدید مشینوں کے تحت کام کرتا ہے اور سفر کرنے والے مسافروں کے دستاویزات کی تصدیق کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔