سٹی42: وزیراعظم شہباز شریف کی ٹاسک فورس کے آئی پی پیز سے مذاکرات کے نتیجے میں پہلے مرحلے میں 2400 میگاواٹ صلاحیت کی 5 آئی پی پیز بند کی جائیں گی۔
وزیر اعظم کی ٹاسک فورس کے آئی پی پیز سے مزید مذاکرات جاری ہیں۔ وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں بند کی جانے والی پانچ آئی پی پیز کے نام فائنل کرلیے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایاکہ پہلے مرحلے میں تقریباً 2400میگاواٹ صلاحیت کی پانچ آئی پی پیزبند ہو جائیں گی، بند کی جانے والی آئی پی پیز میں 1200میگاواٹ سے زائد صلاحیت کی مالک" حب کو " اور 362 میگاواٹ صلاحت کی حامل کی "اے ای ایس لال پیر " شامل ہیں۔ 224 میگاواٹ اٹلس پاور، 136 میگاواٹ کی صبا پاور بھی بند کی جانیوالی آئی پی پیز میں شامل ہیں۔ 450 میگاواٹ کا روش پاور پلانٹ بھی بند کیے جانے والوں میں شامل ہے۔
حب پاور کمپنی لمیٹڈ، جسے حبکو کے نام سے جانا جاتا ہے، پاکستان میں قائم کرنے والا پہلا خود مختار پاور پروڈیوسر (IPP) تھی اور 2024 تک سب سے بڑی IPP ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ بند کی جانے والی آئی پی پیز سے معاہدے ختم کرنے کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔