ویب ڈیسک: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ڈیرہ اسماعیل خان سے واپسی پر ہیلی کاپٹر میں فنی خرابی کے باعث اڈیالہ کے نواحی گاؤں میں ایک میدان میں اترنا پڑا اس دوران ان کی مقامی نوجوانوں سے کرکٹ کے حوالے سے دلچسپ گفتگو ہوئی، نوجوانوں نے قومی کرکٹر رضوان کی بیٹنگ پر بھی اپنی رائے کا اظہار کیا۔
نوجوانوں اور بچوں سے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے موجودہ کرکٹرز کے حوالے سے سوالات کیے۔ عمران خان نے پوچھا کہ کون سا کرکٹر آپ کو پسند ہے ؟ اس پر کسی نے شاہنوازدھانی کا نام لیا، اس دوران عمران خان نے رضوان کے بارے میں پوچھا تو نوجوانوں نے کہا کہ اچھا کرکٹر ہے پر بالیں بہت بِیٹ (ضائع) کرتا ہے، 45 پہ 50 اسکور کرتا ہے، کسی نےکہا وہ ٹیسٹ کے لیے اچھا ہے۔
عمران خان نے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے حوالے سے پوچھا تو ایک نوجوان نےکہا کہ وہ تو ہمارا پسندیدہ فاسٹ بولر ہے، اس موقع پر عمران خان نے حارث رؤف کی تعریف کی اور کہا کہ وہ بڑا زبردست بولر ہے جس پر نوجوانوں نے بھی ان کی تائیدکی۔
اس دوران عمران خان سے ایک نوجوان نے اپنے علاقے میں درخت کاٹنےکی بھی شکایت کی جس پر عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے ضروری اقدامات کریں گے۔