سموگ ایمرجنسی نافذ ،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن

8 Oct, 2022 | 04:35 PM

Abdullah Nadeem

ویب ڈیسک: سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے   سموگ ایمرجنسی نافذ ہوتےہی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کےخلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔

  لاہور ہائیکورٹ نے لاہور میں سموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم دے دیا جس کہ بعدسی ٹی او لاہور منتظر مہدی بھی سموگ و ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے میدان میں آگئے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کےخلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔

 سٹی ٹریفک پولیس نے موسم بدلتے ہی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کےخلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا، سی ٹی او لاہور کا خطرناک حد تک دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کرنے کا حکم  دیا ہے جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو 2  ہزار کے چالان کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

 سی ٹی او لاہور  کا کہنا تھا کہ گاڑیوں سے نکلنے والا مضر صحت دھواں سموگ کا باعث بنتا ہے،احتیاطی تدابیر اپنانے سے سموگ کے خطرات سے بچا جا سکتا ہے۔ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے انسان کو سانس لینے میں دشواری، ناک،گلے کی بیماریوں کا اندیشہ رہتا ہے۔ ٹریفک پولیس، ٹرانسپورٹ اور محکمہ ماحولیات کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ، خصوصی ناکہ جات بھی لگا کر اس کریک ڈاؤن کو  یقینی بنایا جائے گا۔بس اونرز یونینز کے ساتھ مل کر ماحولیاتی آلودگی اور سموگ آگاہی مہم بھی جاری ہے۔

 سی ٹی او لاہور  کا مزید کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی اور فضائی آلودگی سے پاک آب و ہوا صحت مند معاشرے کی ضامن ہے،پر عزم ہیں کہ کارروائی کرنے سے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کم ہونگے۔ واضح رہے کہ رواں سال کے دوران 45 ہزار 765 کمرشل وہیکلز کو چالان ٹکٹس جاری کئے گئے۔

مزیدخبریں