سہ ملکی سیریز: بابر کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے کیویز کو باآسانی شکست دیدی

8 Oct, 2022 | 02:44 PM

ویب ڈیسک: سہ فریقی کرکٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی۔

پاکستان نے 19ویں اوور کی دوسری گیند پر 148 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کیا۔کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، اور مقررہ 20 اوورز میں پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فن ایلن اور ڈیون کونوے نے اننگز کا آغاز کیا ۔ پاکستان کو پہلا بریک تھرو محمد وسیم جونیئر نے تیسرے اوور میں  فن ایلن کی صورت میں دیا جو محض 13 رنز ہی بناسکے۔

نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے 36، کپتان کین ولیمسن 31، گلین فلیپس 18، مارک چیپمین 32، جیمز نیشم 5، مائیکل بریس ویل صفر، ایش سوڈھی 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے علاوہ ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ بالترتیب 1 اور 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، حارث نے  19ویں اوور میں تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور 4 اوورز میں 28 رنز دیے۔اس کے علاوہ محمد وسیم جونیئر اور محمد نواز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہنواز دھانی ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، رضوان 12 گیندوں پر صرف 4 رنز ہی بنا سکے۔کپتان بابر اعظم نے 79 رنز کی ناقابلِ شکست ذمہ دارانہ اننگز کھیلی ، مڈل آرڈر بیٹر شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے ہی آؤٹ ہوگئے۔چوتھے نمبر پر غیر معمولی طور پر آل راؤنڈر شاداب خان بیٹنگ کے لیے آئے، شاداب نے 22 گیندوں پر 34 رنز کی زبردست اننگز کھیلی۔

مزیدخبریں