(مانیٹرنگ ڈیسک)یو این جنرل اسمبلی نے پاکستان میں سیلاب سے تباہ کاری سے متعلق قرارداد منظور کر لی۔
ذرائع کے مطابق قرارداد میں پاکستان میں سیلاب اور موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی پر گہرے رنج اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے، قرارداد میں جنرل اسمبلی نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے عالمی تعاون اور امداد کی اپیل میں اضافہ کر دیا۔
جنرل اسمبلی نے آئندہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے پر توجہ دینے اور اقدامات پر زور دیا. جنرل اسمبلی کے صدر نے کہا پاکستان کو اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث تباہی کا سامنا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ٹویٹ میں لکھا کہ میں عطیہ دہندگان اور متعلقہ اداروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کریں۔
انتونیو گوتریس نے لکھا ’ پاکستان صحت عامہ کی تباہی کے دہانے پر ہے اور بھوک سے اموات کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے، اگرچہ بارشیں تھم چکی ہیں، لیکن سیلاب کے اثرات آنے والے برسوں تک برقرار رہیں گے۔‘