گیمبیا کے بعد افغانستان میں بھی بھارتی ادویات موت بانٹنے لگیں

8 Oct, 2022 | 08:42 AM

ویب ڈیسک:  گیمبیا کے بعد افغانستان میں بھی مضر صحت بھارتی ادویات سامنےآگئیں، کابل میں میڈیکل ٹیم نے چھاپہ مار کر مضرِ صحت بھارتی ادویات قبضے میں لے لیں جبکہ افغانستان نے عالمی اداروں سے بھارتی ادویات پر پابندی کی اپیل کر دی۔

افغان حکام نے موت کا کاروبار کرنے والوں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، افغانستان فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے کابل کے آریانہ میڈیکل کمپلیکس پر چھاپہ مارا اور بڑی تعداد میں ناقص اور زائد المعیاد ادویات قبضے میں لے لی، ناقص ادویات میں سیرپ کی ہزاروں بوتلیں اور گولیوں کے ڈبے شامل ہیں۔

افغان حکام کے مطابق اکثر ادویات ایسی ہیں جن کو دیگر ملکوں میں فروخت کرنے پر پابندی ہے لیکن وہ بھارتی ادویات افغانستان میں ڈنکے کی چوٹ پر فروخت ہورہی تھیں۔اے ایف ڈی اے کی ٹیم نے تمام ادویات قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا جبکہ افغانستان نے عالمی اداروں سے بھارتی ادویات پر پابندی کی اپیل بھی کر دی۔

قبل ازیں گیمبیا میں بھارتی ادویات کے استعمال سے 66 بچوں کی ہلاکت کے بعد عالمی ادارہ صحت نے تمام ملکوں کو مضر صحت بھارتی ادویات مارکیٹ سے اٹھوانے کی ہدایت کردی تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا جبکہ بھارت نے ہر موقع کا ناجائز فائدہ اُٹھانے کی کوشش کی، حال ہی میں بھارت نے 2000 سے زائد افغان سٹوڈنٹس کا ویزہ منسوخ کردیا تھا جبکہ پاکستان نے مشکل اکنامک حالات کے باوجود 4500 نئے اسٹودنٹ ویزہ جاری کئے۔

مزیدخبریں