(جنید ریاض) سکولوں میں کورونا ایس او پیز کیخلاف ورزی کا معاملہ، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر کی ایجوکیشن اتھارٹیز کے سربراہان کو سکولوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
سکول ایجوکیشن نے اتھارٹیز کو سکولوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی، سکول سٹاف دوران ڈیوٹی فیس ماسک لازمی استعمال کریں گے، معاشرتی فاصلہ قائم رکھنے کے ساتھ طلبا ہاتھ ملانے سے گریز کریں، سکول و دفاتر کو روزانہ کی بنیاد پر ڈس انفیکٹ لازمی کیا جائے، کورونا سے متعلق آگاہی کیلئے کلاس رومز میں پمفلٹس آویزاں کرائے جائیں۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے سکولوں میں ڈینگی تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے پر نوٹس لے لیا، ایجوکیشن اتھارٹی نے ڈینگی پھیلنے کے خدشات کے حوالے سے سکول سربراہان کو وارننگ بھی جاری کردی ہے۔ سکول سربراہان کو ڈینگی تدارک کیلئے کی جانے والی سرگرمیوں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کردی۔
واضح رہےکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا کے حملے جاری ہیں، پنجاب میں کورونا کے آج 124 نئے کیس سامنے آگئے ہیں جس کے بعد صوبہ بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 272 ہوگئی، لاہورمیں 77،ننکانہ 3، قصور1،شیخوپورہ 3،راولپنڈی5 اورگوجرانوالہ میں 2کیسز رپورٹ ہوئے۔
ترجمان محکمہ اینڈ پرائمری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ عوام سے گزارش ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں، کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر فوراََ1033 پر رابطہ کریں۔