(عابد چودھری) ٹریفک پولیس نے چہلم حضرت امام حسینؑ اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کا ٹریفک پلان جاری کر دیا۔
پلان کے مطابق عرس مبارک پر ایس پی سٹی کی نگرانی میں 5 ڈی ایس پیز، 43 انسپکٹرز، 541 وارڈنز جبکہ چہلم ڈیوٹی کے لئے ایس پی سٹی کی نگرانی میں 03 ڈی ایس پیز، 23 انسپکٹرز اور 325 وارڈنز تعینات کو تعینات کیا گیا ہے، زائرین اپنی گاڑی، موٹر سائیکل گریٹر اقبال پارک، ناصر باغ، موری گیٹ اور دربار آئی ہسپتال میں پارک کر سکتے ہیں۔
سی ٹی او سید حماد کے مطابق گریٹر اقبال پارک، موری گیٹ، ناصر باغ گراؤنڈ اور داتا دربار آئی ہسپتال پارکنگ، سنٹرل ماڈل ہائی سکول، عقب ٹی بی ہسپتال، اڈا کراؤن اور پیر مکی سنگل لین میں زائرین کی گاڑیوں کو پارک کرایا جائے گا، چہلم اور عرس مبارک کی تقریبات کے دوران سکیورٹی کے پیش نظر مخصوص روڈز کوعام ٹریفک کیلئے بند رکھا جائے گا, رانگ پارکنگ کے خاتمہ کیلئے 09 فوک لفٹرز اور3 بریک ڈاؤن تعینات کیے گئے ہیں۔
ٹریفک پلان کے مطابق شاہدرہ سے لوئر مال آنے والی ٹریفک کو آزادی چوک سے ریلوے اسٹیشن بجھوایا جائے گا، اسی طرح شاہدرہ سے لوئر مال آنے والی ٹریفک نیازی شہید چوک سے بند روڈ، سگیاں بجھوائی جائے گی، چوبرجی چوک سے لوئر مال/داتا صاحب آنیوالی ٹریفک کو ایم اے او کالج سے متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا، چوک ضلع کچہری، کارنر آپریشن آفس، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے کوئی بھی ٹریفک لوئر مال نہیں جاسکے گی، چوک ریٹیگین، چوک بلال گنج چوک بیری والا، موری گیٹ سے بھی ٹریفک داتا دربار نہیں جاسکے گی۔
سی ٹی او کا کہنا ہے کہ چوک ٹیکسالی، موری گیٹ، چوک آزادی سے بھی کسی قسم کی ٹریفک لوئر مال روڈ پر داخل نہیں ہوگی، شاہدرہ سے اپر مال آنے والے شہری براستہ ریلوے اسٹیشن، پریس کلب سے اپر مال جا سکتے ہیں، چوبرجی اور پی ایم جو چوک سے راوی روڈ جانے والے شہری براستہ سگیاں رنگ روڈ جا سکتے ہیں، میلاد چوک، اکبری گیٹ، موچی گیٹ، رنگ محل، پانی والا تالاب، مولٹی سنیما، بھاٹی گیٹ، ٹیکسالی گیٹ اور ڈیرہ شاہیا پہلوان لوئر مال روڈ، اندرون سرکل روڈ، چوک ضلع کچہری تا یو ٹرن پیر مکی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہوگا۔