قذافی بٹ: وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ایک دفعہ پھرٹھگوں نےعوام کو بےوقوف بنانےکے جتن کرنے شروع کر دیئےہیں،الائیڈ پارٹیز فار کرپشن نےعوام کےلیےکچھ کیا ہوتا تو آج آزادی مارچ اورپی ڈی ایم کی ڈرامے بازی نہ کرنی پڑتی۔
وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نےمولانا فضل الرحمن اور مریم نواز کی ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئےکہا کہ مولانا فضل الرحمان کو پی ڈی ایم کا سربراہ بنایا جانا انتہائی حیران کن امر ہے، انہوں نےکہا کہ مولانا فضل الرحمان نے ہمیشہ اصول کے نام پر وصول کی سیاست کی ہے.
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ نون اور شین لیگ کی غیر موجودگی میں میم لیگ اپنی پارٹی سیاست کا بیڑہ غرق کرنےمیں بالکل آزاد ہیں، بارہا کہہ چکا ہوں بیگم صفدر اعوان کے فیصلوں نےہمیشہ ن لیگ کو ہی نقصان پہنچایا ہے، انہوں نے کہا کہ حیرت ہے اپوزیشن کو عوام کی مشکلات کا احساس اقتدار سےباہر بیٹھ کر ہو رہا ہے، رہی سہی غیرمتحدہ اپوزیشن کی سازشیں موجودہ حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔
دوسری جانب 6 رکنی وفد فضل الرحمن کے ہمراہ رائیونڈ پہنچا، ملاقات میں مسلم لیگ( ن) کے مرکزی جنرل سیکرٹری، پنجاب کے مرکزی عہدیدار، ممبران اسمبلی اور پی ڈی ایم کے عہدیداربھی شامل تھے، ملاقات میں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے حکومت مخالف تحریک پر مشاورت کی گئی۔