آج لاہور میں مقامی چھٹی، عدالتیں اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے

8 Oct, 2020 | 10:06 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (ملک اشرف، جنید ریاض) چہلم شہدائے کربلا اور حضرت داتا علی ہجویری رحمتہ اللہ علیہ کے عرس پر آج لاہور میں مقامی تعطیل ہوگی،سکول و دیگر تعلیمی ادارے،  لاہور ہائیکورٹ ، سیشن اور سول عدالتیں، مقامی حکومت کے تمام دفاتر بند رہیں گے ۔

صوبائی وزیر سکولزایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس نے بھی آج ضلع لاہور کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام سکول حضرت داتا گنج بخش رحمت اللہ علیہ کے سالانہ 977ویں عرس مبارک کے باعث بند رہیں گے، چھٹی کے نوٹیفکیشن کا اطلاق صرف ضلع لاہورمیں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام،عرس حضرت علی ہجویری داتا گنج بخش کے موقع پر اندرون شہر اور سرکلر روڈ کی چھوٹی بڑی اہم مارکیٹیں اور بازار بھی آج بند رہیں گے، پاکستان کلاتھ مارکیٹ،شو مارکیٹس،ریڈی میڈ گارمںنٹس مارکیٹس،پلاسٹک دانہ مارکیٹ،ہجویری پرندہ مارکیٹ،بھاٹی گیٹ،موچی گیٹ کھلونا مارکیٹ،ڈرائی فروٹ مارکیٹ سرکلر روڈ ،بال بیئرنگ مارکیٹ ،اردوبازار ،پاپڑمنڈی میں کاروباری امور بند رہیں گے، جمعہ کے روز سے اندرون شہر تجارتی سرگرمیاں بھی بحال ہوجائیں گی۔

برصغیر کی معروف روحانی شخصیت حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے 977ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آج آخری روز ہے، مزار شریف پر حاضری کے لیے ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

 

نواسہ رسول ﷺ حضرت حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، ملک بھر میں آج علم، ذوالجناح اور تعزیئے کے جلوس برآمد کیے جائیں گے اور مجالس عزا کا بھی انعقاد کیا جائے گا، علماء کرام شہدائے کربلا کی دین کیلئے خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔

مزیدخبریں