( جمال الدین ) مستقل ملازمت، تنخواہوں میں اضافہ اور سکیل اپ گریڈیشن کیلئے سیکرٹریٹ کے سامنے محکمہ صحت ماں بچہ پروگرام کے ملازمین کا دھرنا ختم ہو گیا، ملازمین کا کہنا ہے دو دن دھرنا دیا اور کچھ نہیں ملا ان کے لیڈروں نے ان کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔
سول سیکرٹریٹ کے باہر پنجاب بھر سے محکمہ صحت کے پروگرام ماں بچہ صحت و غذائیت کے ملازمین دو روز سراپا احتجاج رہے اور اپنے مطالبات کیلئے دھرنا دیئے رکھا۔ ڈی جی ہیلتھ پنجاب کے نمائندے ڈاکٹر رانا سہیل اور دیگر سے مذاکرات کے بعد مظاہرین کے نمائندے آصف چوہان نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ ملازمین کا کہنا تھا ہمارے لیڈر نے دھوکہ دیا ان کو وعدوں کے علاوہ کچھ نہیں ملا۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے وعدہ کیا گیا ہے کہ ان کے کنٹریکٹ میں توسیع کیلئے پی سی ون بنایا جائے گا اور منظوری کے بعد ان کی تنخواہ بھی بڑھائی جائے گی، کسی کو ملازمت سے برطرف نہیں کیا جائے گا البتہ ریگولر کرنے کا کوئی وعدہ نہیں کیا گیا ہے۔
سٹرک پر دو روزہ دھرنے میں ایل ایچ وی خواتین اپنے چھوٹے بچوں سمیت شامل رہیں مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا، دھرنا ختم ہونے کے اعلان پر کچھ ملازمین چلے گئے باقی کو پولیس نے ڈرا دھکما کر سٹرک سے ہٹا دیا۔