سٹی42: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارت کے کرکٹ بورڈ کی طرف سے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی کوئی بات نہیں ہوئی، بھارتی بورڈ کی ہمارے ساتھ آج کے دن تک ہائی برڈ ماڈل پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ کل رات بھی انہوں نے بھارتی میڈیا مین آنے والی اس "خبر" کو ڈسکس کیا، ہمارا بڑا کلئیر سٹینس ہے کہ اگر کسی کو کوئی اعتراض ہے تو ہمیں ان رائٹنگ دیں، ہائی برڈ ماڈل پر ہمارے ساتھ آج تک کوئی بات نہیں ہوئی نہ ہم بات کرنے کے لئے تیار ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ انڈین میڈیا اگر رپورٹ کر رہا ہے تو اس کے ساتھ کوئی تو خط ہو گا جو آئی سی سی ہمیں دے گا، یا انڈین بورڈ ہمیں لکھے گا، آئی سی سی یا بی سی سی آئی نے ہمیں ایسا کوئی لیٹر نہیں بھیجا۔
محسن نقوی نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ کرکٹ سیاست سے پاک ہو۔ کوئی بھی کھیل ہو اس میں اس طرح کی پالیٹکس نہیں ہونا چاہئے۔ ہم چیمپئینز ٹرافی کے لئے تیاریاں کر رہے ہیں، یہ تیاریاں سی طرح جاری رکھیں گے، انشااللہ یہ کامیاب ایونٹ ہو گا۔
سوالات کے جواب میں محسن نقوی نے کہا اگر ایسی کوئی بات ہم تک آئی تو مجھے اپنی گورنمنٹ کے پاس جانا پڑے گا۔ ہماری گورنمنٹ جو فیصلہ کرے گی وہی میں کروں گا۔ محسن نقوی نے ٹھوس لہجے میں بتایا کہ اب تک پاکستان چند سالوں میں بہت اچھے جیسچر دکھاتا رہا ہے، لیکن ہر دفعہ ہم سے اچھے جیسچر کی توقع نہ رکھیں۔
ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ آئی سی سی سو دن پہلے شیڈول اناؤنس کرنے کا پابند ہے، اگر وہ تاخیر کرے گا تو اس سے کونٹریکٹ کے پیسوں میں بھی کمی آتی ہے۔ ہم امید کر رہے ہیں کہ آئی سی سی جلد چیمپئینز ٹرافی کا شیڈول اناؤنس کر دے گا۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئینز ٹرافی کے انعقاد کے لئے ہمارا پلان تھا کہ دسمبر کے مہینے میں گرے سٹرکچر مکمل کر لیں گے، اس کے بعد فنشنگ کا کام دس پندرہ دن میں کر لیں گے۔
سوالات کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ ہم ہر ٹیم کو زیادہ سے زیادہ سہولت دیں گے۔ ہماری خواہش ہے کہ باہر سے لوگ میچ دیکھنے کے لئے بھی آئیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم آنے والے دنوں میں خوشخبریاں دے گی، جن ٹیموں سے ہم سات سات آٹھ آٹھ نو نو سال سے نہیں جیتے تھے، اب ان سے جیت کر دکھائیں گے۔
بھارت کے میڈیا میں کیا شائع ہوا
بھارت کا میڈیا آج اچانک یہ بتانے لگا کہ بھارت کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں فروری 2025 میں ہونے والی چیمپئینز ٹرافی کھیلنے کے لئے پاکستان نہیں آئی گی، غالباً ہائی برڈ ماڈل کو لے کر بھارت کے چیمپئینز ٹرافی میچوں کا شیڈول پاکستان سے باہر کسی جگہ پر رکھا جائے گی۔ اس ضمن میں افواہیں پھیلنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین محسن نقوی نے بتایا ہے کہ چیمپئینز ٹرافی کے میچوں کے لئے ہائی برڈ ماڈل پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ اگر بھارت نے انکار کیا تو حکومت سے رابطہ کیا جائے گا، چیمپئینز ٹرافی کے میچوں کا شیڈول انٹرنیشنل کرکٹ کونسل خود جاری کرے گی
بھارتی میڈیا آؤٹ لیٹس نے آج اچانک یہ رپورٹس شائع کرنا شروع کر دیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم اگلے سال ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کرے گی۔ چیمپئینز ٹرافی کو کرکٹ کا سب سے باوقار عالمی مقابلہ تصور کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں آئندہ سال ہونے والی چیمپئینز ٹرافی 8 سال کے وقفے کے بعد ہو رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ انڈین کرکٹ ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی "خبر" سب سے پہلے انڈین ایکسپریس نے شائع کی، اس کے بعد کئی انڈین میڈیا آؤٹ لیٹس نے "انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق" کے اضافہ کے ساتھ یہ ہی خبر پبلش کی۔
اس خبر میں کہا گیا ہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (BCCI) نے اپنے فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کو آگاہ کر دیا ہے کہ بھارت کی تیم چیمپئینز ٹرافی کے میچ کھیلنے کے لئے پاکستان نہیں جائے گی۔ایڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، بی سی سی آئی نے اپنے فیصلے کے لیے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیا اور دبئی میں چیمپئینز ٹرافی کے تمام میچ کھیلنے کی خواہش ظاہر کی۔
انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بی سی سی آئی کے کسی اہلکار کا نام نہیں بتایا اور دعویٰ کیا کہ بی سی سی آئی کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر انڈین ایکسپریس کو بتایا، "یہ ہمارا موقف رہا ہے اور اس میں تبدیلی کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ ہم نے انہیں خط لکھا ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ اپنے کھیل دبئی منتقل کر دیں۔"
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین محسن نقوی نے آج جمعہ کے روز لاہور میں میڈیا کے کیمروں کے سامنے کہا کہ بی سی سی آئی کی طرف سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کوئی مراسلہ نہیں آیا۔ محسن نقوی نے کہا دو مہینے سے انڈین میڈیا پر یہ "خبریں" آ رہی ہیں کہ انڈین ٹی مچیمپئینز ٹرافی کھیلنے نہیں آ رہی۔