(ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں موبائل نیٹ ورک بند ہونے سے ٹرینیں رُک گئیں ساتھ ہی ایک کروڑ سے زائد شہری انٹرنیٹ اور فون سروسز سے محروم ہوگئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ملک کا دوسرا سب سے بڑا نیٹ ورک آپریٹر بند ہوگیا، جس کی وجہ سے انٹرنیٹ اور فون سروسز معطل ہوگئی، یہ بندش بُدھ کی صبح 4 بجے کے قریب ہوئی، میلبورن سمیت کئی شہروں میں صبح کے رش کے اوقات میں ٹرین سروسز بھی بند ہوگئیں۔
آسٹریلوی حکومت نے کہا کہ موبائل فون، لینڈ لائنز اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ سب ہی متاثر ہوئے ہیں، ملک کی بڑی ورک آپریٹرکمپنی آپٹس کے سی ای او کیلی بائر روزمارین نے سائبر حملے کو مسترد کر دیا اور انہوں نے اے بی سی ریڈیو پر ایک انٹرویو میں گھنٹوں طویل بندش کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔
کیلی بائر روزمارین نے کہا کہ اس کا امکان بہت کم ہے کہ مسئلہ آپٹس نیٹ ورکس کے سافٹ ویئر کے اندر ہے، ہمارے سسٹمز بہت مستحکم ہیں لیکن یہ اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ ہے، اس مسئلے کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
نیٹ ورک کی بندش کے نتیجے میں متعدد اسپتال فون کالز وصول کرنے سے قاصر رہے، جبکہ آپٹس نیٹ ورک پر لینڈ لائنز سے ہنگامی کالز کرنا بھی ممکن نہیں رہا۔