ویب ڈیسک:پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو فوری طور پر چارج چھوڑنا ہو گا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ سی سی پی او لاہور نے اپنی معطلی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے سی سی پی او لاہور کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی ہے، پولیس فورس اب ان کے احکامات ماننے کی پابند نہیں۔
عطا اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ سی سی پی او لاہور کے جاری کئے ہوئے تمام احکامات غیر قانونی ہوں گے۔واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی اپنی معطلی کے خلاف درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر نمٹا دی ہے۔جسٹس مزمل اختر شبیر نے دورانِ سماعت استفسار کیا کہ کیا ہائی کورٹ کو اختیار ہے کہ وہ معطلی کے معاملے کو دیکھے۔
درخواست گزار غلام محمود ڈوگر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایک وفاقی وزیر کے خلاف قانونی کارروائی کی، اس لیے سی سی پی او کو نشانہ بنایا گیا، 2 حکومتوں کے معاملے میں ایک سول سرونٹ کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔