کیبل کے تنازعہ پر نوجوان قتل

8 Nov, 2020 | 10:27 PM

Malik Sultan Awan

(عابد چوہدری ) نشتر کالونی میں کیبل کے تنازعہ پر مخالفین کے ہاتھوں قتل ہونے والے نعیم کے ورثا نےخیابان اقبال میں لاش رکھ کر پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق نشتر کالونی میں گزشتہ روز میاں غضنفر اور مبین جوڑا کے ساتھیوں نے فائرنگ کر کے نعیم کو قتل اور دو افراد کو زخمی کر دیا تھا۔ واردات میں ملوث ملزمان گرفتار نہ ہونے پر مقتول نعیم کے ورثا نے نشتر کالونی پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے والٹن روڈ خیابان اقبال سے بلاک کر دی۔

مظاہرین نے مقتول نعیم کی لاش سڑک پر رکھ کر نشتر کالونی پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مخالفین انکا کاروبار بند کروانا چاہتے ہیں،دھمکیوں پر نشتر پولیس کو بارہا اطلاع دی مگر ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہونے کے باعث نعیم کو قتل کر دیا گیا۔ مظاہرین نے ٹائر نذر آتش کر کے خیابان اقبال چوک چاروں اطراف سے بلاک کئے رکھا، اعلیٰ پولیس حکام سے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ 

اے ایس پی ڈیفنس آصف بہادر موقع پر پہنچے۔انہوں نے مظاہرین کو ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائی، مذاکرات کامیاب ہونے پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔ دو گھنٹے تک جاری رہنے والے احتجاج کے باعث والٹن روڈ، فیروزپور روڈ اور اطراف کی شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام ہو گیا ۔

مزیدخبریں