پاکستان مسلم لیگ(ن) کو بڑا دھچکا لگ گیا

8 Nov, 2020 | 10:52 AM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بلوچستان میں بڑا دھچکا لگ گیا، (ن) لیگ کے سینئر رہنما عبدالقادر بلوچ اور نواب ثناء اللہ زہری کے پارٹی سے علیحدگی کے اعلان کے بعد بلوچستان کے مختلف اضلاع کے صدور نے بھی پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔

عبدالقادر بلوچ اور ثناءاللہ زہری (ن) لیگ سے الگ ہوگئے، عبدالقادر بلوچ نے کوئٹہ میں ہم خیال ساتھیوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  پی ڈی ایم جلسے میں کچھ ایسے واقعات ہوئے جس پر (ن) لیگ سے راستہ جدا کرنے کا سوچا، ہم 2010 میں ن لیگ میں شامل ہوئے, ہم نے پارٹی کیلئے بلوچستان میں خون دیا۔

انہوں نے کہا کہ 22 اراکین کے باوجود پارٹی نے ہمارا وزیر اعلیٰ نہیں آنے دیا، ہم نے پھر بھی قربانی دی نواب زہری نے ڈھائی سال حکومت نیشنل پارٹی کو دی، فوج کے غیر ملک کچھ نہیں ہے، مسلح افواج کیخلاف کوئی بھی سازش ناقابل برداشت ہے، جب ہمیں حکم ملتا ہے تو آسمانوں پر بھی لڑنے چلے جاتے ہیں۔ 

سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناءاللہ زہری بولے ڈسنا نواز شریف کی فطرت ہے، اپنے محسنوں کو بھی نہیں چھوڑا، نواز شریف مودی کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں ، ہم بلوچستان کی سرزمین پر رہتے ہیں خیرات نہیں عزت مانگتے ہیں۔ 

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سیکرٹری جنرل جمال شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی صدر قادر بلوچ اور نواب ثناءاللہ زہری کے جانے کا دکھ ہے، پارٹی میں لوگوں کے جانے سے فرق ضرور پڑتا ہے تاہم جلد بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ورکرز کنونشن کروائیں گے جبکہ  2 یا 3 صدور کے علاوہ تمام اضلاع کے صدر (ن) لیگ کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ (ن) لیگ کے سینئر رہنما عبدالقادر بلوچ اور نواب ثناءاللہ زہری کے پارٹی سے علیحدگی کے اعلان کے بعد مکران، قلات اور نصیرآباد کے اضلاع کے (ن) لیگی صدور نے پارٹی چھوڑی ہے۔

مزیدخبریں