ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مہنگائی کنٹرول کے حکومتی دعوے ٹھس،  شہرمیں منافع خور مافیا بےلگام

مہنگائی کنٹرول کے حکومتی دعوے ٹھس،  شہرمیں منافع خور مافیا بےلگام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 (حسن علی) شہرمیں منافع خور مافیا بےلگام، ٹماٹر، پیازاور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں تیس روپےفی کلو تک کا اضافہ، مہنگے ٹماٹروں نے شہریوں کی توبہ تو بہ کرادی، ٹماٹرایک سو اسی روپےفی کلو تک میں فروخت ہوتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کے سلسلے نے مہنگائی کنٹرول کرنے کے حکومتی دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی۔ منافع خور سرگرم جبکہ حکومت، ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کی جانب سےکوئی اقدامات نہ کیے جاسکے۔ ٹماٹر کی قیمت میں ہوشربا اضافے نے شہریوں کے اوسان خطا کر دیئے۔

ٹماٹربیس روپے مزید اضافے کے بعد ایک سو اسی روپے، آلو ستر، پیاز ایک سو اورادرک تین سو پچاس روپے میں فروخت ہوتا رہا۔ لہسن تین سو روپے، سبز مرچ دو سو، شلجم اسی، شملہ مرچ چار سو، گوبھی اسی، بند گوبھی ایک سو بیس، ٹینڈے اسی سےسو، گاجر اسی اورمولی تیس سے پچاس روپے فی کلو میں دستیاب رہی۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ مہنگائی بڑھتی جا رہی ہےاور حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی، سبزیاں بھی اب عام آدمی کی پہنچ سےباہرہوچکی ہیں۔

دوسری طرف سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ جو قیمت سرکاری نرخنامے پر درج کی جاتی ہے اس کے مطابق انہیں سبزی منڈی سے ہی سبزیاں نہیں ملتیں، پھروہ کیسے سرکاری نرخنامے کے مطابق سبزیاں فروخت کرسکتےہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ہمیشہ چھوٹے سبزی فروشوں کوجرمانے کیے جاتے ہیں، اگر حکومت نے سرکاری نرخنامے کے مطابق سبزیاں فروخت کرانی ہیں توسبزی منڈی میں سرکاری ریٹس پرعملدرآمد کرانا ہوگا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت سبزیوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے عملی اقدامات کرے تاکہ عام شہریوں کو ریلیف مل سکے۔

Shazia Bashir

Content Writer