عثمان علیم: ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں کا اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں میانی صاحب، تاجپورہ روڈ سمیت مختلف مقامات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن، 34 کروڑ 10 لاکھ مالیت کی 164 کینال سرکاری اراضی کو واگزار کروا لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں انسداد تجاوزات اور سرکاری زمین کی واگزاری کا آپریشن جاری ہے، آج اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی حدود میں انسداد تجاوزات اور زمین واگزاری کے مختلف آپریشنز میں مجموعی طور پر 34 کروڑ 10 لاکھ مایت کی 164 کنال زرعی زمین کو واگزار کروالیا۔ تحصیل شالیمار کے موضع تاجپورہ روڈ میں آپریشن کی نگرانی اے سی شالیمار علی اکبر نے کی، آپریشن میں 7 دکانوں کو مسمار کر دیا گیا ہے۔ دکانوں کی مالیت ایک کروڑ روپے ہے۔
علاوہ ازیں تحصیل کینٹ کے موضع دھلہ کولہ اور قانونگی جامن میں آپریشن کو مکمل کرکے 145 کنال زمین کو واگزار کروا لیا گیا ہے، آپریشن کی نگرانی اے سی کینٹ عمر حیات گوندل نے کی، زمین کی مالیت 15 کروڑ ہے۔ اسی طرح تحصیل ماڈل ٹاؤن کے موضع دلو کلاں میں آپریشن کو مکمل کیا گیا جس میں 18 کنال اور 2 مرلہ صوبائی حکومت کی زمین کو واگزار کروایا گیا ہے۔ آپریشن کی نگرانی اے سی ماڈل ٹاؤن مظہر علی نے کی، واگزار کروائی جانے والی زمین کی مالیت18 کروڑ 10 لاکھ ہے۔
دوسری جانب میانی صاحب قبرستان کی جگہ واگزاری کے لیے بھی آپریشن کیا گیا جو کہ اے سی سٹی صفدر حسین ورک کی نگرانی میں ہوا، اس آپریشن میں مجموعی طور پر میانی صاحب قرستان کی 28 مرلے جگہ کو واگزار کروایا گیا ہے جس میں پیر بہاول شیر روڈ سے 17 مرلے جگہ کو واگزار کروالیا گیا ہے، اراضی پر بنے چار گھروں کو مسمار کر دیا گیا ہے، ادبستان صوفیہ سکول مزنگ سے بھی میانی صاحب قبرستان کی 11 مرلے جگہ کو واگزار کروانے کا آپریشن بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔