’’حکومت کو تھوڑا وقت دیا جائے بہتر کارکردگی دکھائیں گے‘‘

8 Nov, 2018 | 06:23 PM

Shazia Bashir

سٹی42: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ حکومت کو تھوڑا وقت دیا جائے بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ پچھلی حکومت کے اچھے منصوبے بند نہیں کریں گے۔ پنجاب میں ہر کام میرٹ پر ہو رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی آمد پر جدید ترین کارڈیک ایم آر آئی مشین کا افتتاح کیا۔ 30 کروڑ روپے کی لاگت سے یہ جدید ترین مشین نصب کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سی ٹی انجیومشین کا بھی افتتاح کیا، ایمرجنسی بلاک کا دورہ، مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔

 وزیراعلیٰ نے انجیو گرافی روم کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ فرینڈز آف پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی کاوشوں کی تحسین کرتا ہوں۔ ائیر ایمبولینس شروع کرنے کا جائزہ لیں گے۔ غریب آدمی کو معیاری علاج کے لیے ہسپتالوں میں جدید سہولتیں فراہم کریں گے۔

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ماڈل کو دوردراز اور پسماندہ علاقوں تک لے کر جائیں گے۔ ہسپتالوں میں معیاری سہولتوں تک مریضوں کی رسائی ہمارا مشن ہے۔ عام آدمی کے لیے ہیلتھ کیئر سسٹم کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔  میری خواہش ہے کہ دور دراز علاقوں میں بھی صحت کی معیاری سہولتیں 24 گھنٹے میسر ہوں۔ دل کے امراض کے جدید ہسپتال پسماندہ علاقوں میں بھی ہونے چاہئیں۔ پسماندہ علاقوں میں صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لیے پلان مرتب کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں