9 مئی پاکستان کی تاریخ میں یوم ِ سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، صدر مملکت

8 May, 2024 | 08:56 PM

ویب ڈیسک : صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں یوم ِ سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

 چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز  اور صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچایا، سرکاری املاک ، فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا، 9 مئی کے واقعات سے ملک کا تاثر بری طرح متاثر  ہوا، پرتشدد واقعات کی مذمت کرتا ہوں ۔

 صدر مملکت کا مزید کہنا تھاکہ پرتشدد واقعات سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے، حملے ریاستی رٹ ، قانون کی حکمرانی اور ادارےکمزور کرنے کی کوشش تھے، پرامن مظاہرے اور تعمیری تنقید جمہوریت کی روح ہیں، آئین ِپاکستان میں اجتماع اور اظہار رائے کے بنیادی حقوق دیے گئےہیں، بنیادی حقوق  کو آئین اور قانون کے مطابق انتہائی ذمہ داری سے استعمال کیا جانا چاہیے ، بنیادی حقوق کا غلط استعمال کرکے تشدد پر اکسانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔

  آصف علی زرداری نے کہا کہ ذمہ دار جمہوریتوں میں سیاسی مفاد کیلئے ریاستی املاک کی تباہی ، توڑ پھوڑ کبھی نہیں دیکھی ، پاکستانی مسلح افواج مختلف خطرات سے قوم کے دفاع میں پیش پیش رہی ہیں، 9 مئی کو تشدد کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے ، پاکستان کو پہلے ہی متعدد چیلنجز کا سامنا ہے ، سیاسی قوتوں کے غیر ذمہ دارانہ عمل سے ترقی کا عمل متاثر ہوتاہے ، سیاسی قوتوں کے غیر ذمہ دارانہ عمل سے سماجی و اقتصادی چیلنجز میں بھی مزید اضافہ ہوتاہے، موجودہ سیاسی صورتحال متقاضی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں رواداری ، جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے کام کریں، تمام جماعتیں سیاسی مذاکرات ، قوم کی درست سمت میں رہنمائی کیلئے کام کریں۔ 

 صدر مملکت کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھاکہ سیاسی جماعتیں، پارلیمنٹ، میڈیا اور سول سوسائٹی جمہوریت کو مضبوط کریں، قانون کی حکمرانی ، رواداری، سیاسی مکالمے اور شمولیت کے کلچر کو فروغ دیں، جھوٹ پر مبنی مہم کے سدباب ، حوصلہ شکنی کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے، نوجوانوں کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کی بجائے انکی صلاحیتوں کو ملکی مفاد میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ، صدر مملکت کا بہتر مستقبل کی تعمیر ، سیاسی تقسیم اور نفرت ختم کرنے کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور ۔

مزیدخبریں