شیخ رشید کاجھوٹ پکڑا گیا، بشکک میں جلسہ گل پانڑہ کا میوزک کنسرٹ نکلا

8 May, 2023 | 09:01 PM

ویب ڈیسک: کافی عرصہ سے تنہائی کا شکار سابق وزیرشیخ رشیداحمد نے کرغیزستان کے دارالحکومت بشکک میں بہت بڑاجلسہ کرکے پہلے سوشل میڈیا میں اپنے فالوورز کوحیران  کیا پھر انہیں خودپریشان ہو ناپڑ گیا۔ جس اجتماع کو انہوں نے اپنا جلسہ بتایا وہ گلوکارہ گل پانڑہ کا میوزک کنسرٹ نکلا لیکن شیخ رشید اڑ  گئے ہیں کہ یہ ان کا جلسہ ہی تھا۔ 

 شیخ رشید نے 6 مئی کو رات ساڑھے 8 بجے ٹویٹر میں ایک وڈیو پوسٹ کی جس کا کیپشن تھا "سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بشکیک کرغستان میں بڑے عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے". اس وڈیو کلپ کو دیکھنے والوں نے چند ہی منٹ میں پہچان لیا کہ یہ کوئی عوامی جلسہ نہیں بلکہ مشہور گلوکارہ گل پانڑہ کا بشکک کرغیزستان میں ایک کنسرٹ ہے جسے  بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے دیکھا۔

کچھ ہی منٹوں میں یہ بات پاکستان کے ٹویٹر اورسوشل پلیٹ فارمز پرہر طرف پھیل گئی کہ شیخ رشید نے گل پانڑہ کے کنسرٹ میں بن بلائے گھس کر اسٹیج پر مالک میں چند باتیں کیں اورراس عمل کی وڈیو بنوا کراسے اپنا عوامی جلسہ قرار دے  کرٹویٹر میں پوسٹ کردیا۔ لوگوں نے شیخ رشید کی پوسٹ کو جعلی قرار دے کراس کا خوب مذاق اڑایا لیکن انہوں نے جعلسازی پکڑے جانے کے باوجود اسے مزید لوگوں تک پھیلانے کی کوشش جاری رکھی اور 6 مئی کی رات ایک وڈیو خود کو بشکک میں "پروٹوکول"  دیئے جانے کی پوسٹ کی جبکہ 7 مئی کی صبح  دس بجے وہ دوبارہ "بشکک میں عوامی جلسہ"  کا دعوا لے کر ٹویٹ کرنے لگے۔ 

  اس کے بعد شیخ رشیداحمد کے ٹویٹر سے 7 مئی کو رات سوا 9 بجے کئی وڈیوز اور تْصویریں پوسٹ کی گئیں۔ جن میں انہیں کسی اجتماع میں تقریر کرتے ہوئے اور لوگوں کے ساتھ سیلفیاں بنواتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا۔ اپنی پہلی پوسٹ میں شیخ رشید نےدعوا کیا کہ انہوں نے کرغیزستان کےشہر بشکک میں ایک بہت بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کیا ہے۔

شیخ رشید کی اس پہلی پوسٹ کو 35 ہزار افراد نےدیکھا، 3 سو سے زیادہ اکاونٹس نے ری ٹویٹ بھی کیا، لیکن کچھ ہی منٹ بعد کسی یوزر نےشیخ رشید کی اس پوسٹ پر جواب میں لکھ دیا "جھوٹوں پر خدا کی لعنت". عین اسی لمحے شیخ رشید نےایک اور وڈیو پوسٹ کر کےاس پر کیپشن لکھا "سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بشکیک کرغستان میں بڑے عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے". یہ پوسٹ بہت جلد وائرل ہو گئی، اسے اب تک 85 ہزار افراد دیکھ چکے ہیں، 8 سو سے زیادہ اکاونٹ ری ٹویٹ کر چکے ہیں اورسینکڑوں لوگوں نے اس وڈیو کلپ کوجعلسازی کی کوشش کی حیثیت سے ڈسکس کیا۔ کیونکہ بشکک میں پاکستان کی مشہور گلوکارہ گل پانڑے کے کنسرٹ کی وڈیوز سوشل میڈیا میں ہر طرف پھیل چکی تھیں۔ 

   ابھی ٹویٹر یوزر شیخ رشید کی جعلسازی کا بھانڈا پھوڑ کران کا مذاق اڑا رہے تھے کہ بیس منٹ بعد انہوں نےایک اور تصویر پرجلی حروف میں یہ لکھ کر پوسٹ کر دیا کہ "سابق وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد بشکک کرغیزستان میں پاکستانیوں کی طرف سے دیئے گئے ایک عشائیہ میں شرکت کرتے ہوئے".  اس تصویر میں بعض لوگوں کو شیخ رشیدکے ساتھ سیلفی بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس پوسٹ کوبھی کچھ ہی وقت میں 28 ہزارافراد نے دیکھا لیکن اسے سو سے بھی کم لوگوں نے ری ٹویٹ کیا کیونکہ شیخ رشید کے فالوور بھی جان چکے تھے کہ شیخ صاحب نے جعلسازی کی ہے۔

دس ہی منٹ میں اس پوسٹ کے نیچے بھی یوزرز نےشیخ صاحب کی جعلسازی پر استہزایہ تبصروں کی بھرمار کردی تو انہوں نے دس منٹ بعد یہ ہی تصویرنئی ٹویٹ میں پوسٹ کرڈالی۔ دوسری مرتبہ پوسٹ کی گئی تصویر کو بھی 28 ہزارافراد نے دیکھا۔ اس تصویر کو دونوں مرتبہ دیکھنے والے زیادہ تر لوگ وہ تھے جو ٹویٹر میں شیخ رشید کوفالو کرتے ہیں۔ ان کے فالووورز کی تعداد 78 لاکھ سے زیادہ ہے۔

  دلچسپ امر یہ ہے کہ شیخ رشید کی جعلسازی ٹویٹر میں ان کی پہلی ہی پوسٹ پبلش ہونے کے دس منٹ بعد ہی کھل گئی اور لوگوں نے انہیں شرمندہ کرنا شروع کردیا لیکن اس کے باوجود پیر کے روز  دوپہر پونے 12 بجے شیخ رشید نے ایک ٹویٹ میں لکھا "میں بشکیک سے3روزہ دورےکےبعد پاکستان پہنچ چکاہوں جہاں پرمیں نےایک سٹیڈیم میں عظیم الشان تاریخی جلسےاورایک بہت بڑےپاکستانیوں کےعشائیےسےخطاب کیا....."

ٹویٹر میں شیخ رشید کی اس دیدہ دلیری کو بعض ناقدین نیم خواندہ معاشرہ میں فیک نیوز کے خوفناک امپیکٹ کا ایک ٹیسٹ کیس قررار دے رہے ہیں۔ ان ناقدین کا کہنا ہے کہ عام لوگ کسی فیک نیوز کی  حقیقت جان لینےکےبعد فیک نیوز  کو پھیلنے سے روکنے کے لئے کچھ نہیں کرسکتے جبکہ انٹر نیٹ میں ایسا کوئی ریگولیٹری ادارہ نہیں جو فیک نیوز اور اس کےموڈیفائیڈ ورژنز کو جلد تمام ویب سائٹوں سے ہٹا سکے۔

مزیدخبریں