ویب ڈیسک: ایم کیو ایم کی رہنما نسرین جلیل نئی گورنر سندھ ہوگی ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے نسرین جلیل کو نیا گورنر سندھ تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے وفاق کو بھجوائے گئے 5 ناموں پر مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ایم کیو ایم کی جانب سے وفاق کو گورنر سندھ کیلیے 5 نام بھجوائے گئے تھے جن میں سے نسرین جلیل اور عامر چشتی اس عہدے کے لیے سب سے زیادہ مضبوط امیدوار قرار دیے جارہے ہیں۔
ایم کیو ایم نے ان کے علاوہ عامر خان، وسیم اختر اور کشور زہرہ کے نام بھی وفاق کو دیے ہیں لیکن نسرین جلیل اور عامر چشتی کے نام حکومتی جماعتوں کے لیے سب سے زیادہ غیر متنازع تھے۔
آج وزیراعظم شہبازشریف نے حتمی مشاورت کے بعد نسرین جلیل کو نیا گورنر سندھ لگانے کی منظوری دیتے ہوئے صدرمملکت کو سمری ارسال کردی ہے۔
واضح رہے کہ نسرین جلیل تقریباً نصف صدی کے بعد سندھ میں خاتون گورنر ہوں گی۔ اس سے قبل 1973 سے 1975 تک پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہید ملت خان لیاقت علی خان کی اہلیہ بیگم رعنا لیاقت علی خان سندھ کی گورنر رہی تھیں۔