(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے سابق وزیر اطلاعات اور تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نےپیپلز پارٹی پر پانی چوری میں ملوث ہونے کا الزام لگادیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں فواد چودھری نے لکھا کہ سندھ میں پانی چوری کی تمام رپورٹس واضح کرتی ہیں کہ پیپلز پارٹی کے وڈیرے پانی چوری میں ملوث ہیں، سندھ کا پانی غریب ہاری کو نہیں مل رہا اور حکومتی وزراء پانی کی کمی پر پنجاب کو مورد الزام ٹھہر اکر صوبائی منافرت کی سیاست کر تے ہیں ۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کا کسان اور سندھ کا ہاری دونوں ہی زرداری مافیا سے تنگ ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت واٹر بورڈ کا اجلاس ہوا تھا جس دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں جاری پانی کے بحران سے متعلق بریفنگ پیش کی گئی، وزیراعلیٰ سندھ نے واٹر بورڈ کو اپنے انتظامی نظام کو بہتر کرنے کی ہدایت کی اور پانی کی چوری کے خلاف آپریشن کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر کراچی کو ایک ہزارایم جی ڈی پانی کی ضرورت ہے جبکہ سپلائی 5 سو 80 ایم جی ڈی ہے تاہم 174 ایم جی ڈی لائن لوسز ہیں اس حساب سے 406 ایم جی ڈی پانی سپلائی کیا جا رہا ہے، شہر میں بچھائی ہوئی لائن بہت پرائی ہے جس کے باعث پانی ضائع ہوتا ہے اور کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں پانی کافی دنوں بعد مہیا کیا جاتا ہے۔