مہنگائی کا نیا طوفان،چکن کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

8 May, 2022 | 12:33 PM

ویب ڈیسک:عوام کو مہنگائی کا نیا جھٹکا، چکن ناقابل برداشت حد تک مہنگا ہو گیا۔ ناجائزمنافع خوروں نے کوئٹہ میں مرغی کے گوشت کا ریٹ 200 روپے اضافے سے 700 کلو تک پہنچا دیا، کراچی میں قیمت 150 سے بڑھ کر 600 روپے کلو ہوگئی، لاہور میں چکن458 روپے کلو تک ملنے لگا۔

مٹن بیف کے بعد مرغی گوشت بھی عوام کے لئے خریدنا بوجھ بن گیا۔ برائلر گوشت کے نرخ ریکارڈ 458 روپے فی کلو کی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے سے مرغی گوشت کی مارکیٹ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

لاہور میں برائلر کی قیمت میں 15 روپے فی کلو کمی ہوئی، مرغی کا گوشت 473 سے کم ہو کر 458 روپے کلو ہو گیا۔ فارمی انڈوں کے دام 2 روپے درجن بڑھ گئے۔ قیمت 150 روپے سے بڑھ کر152 روپے درجن ہوگئی، انڈوں کی پیٹی 4 ہزار 440 روپے کی ہوگئی۔

کراچی میں ناجائز منافع خور سرگرم ہوگئے، ضلعی انتظامیہ کے غیرفعال ہونے کے باعث فی کلو چکن 150روپے مزید اضافے سے 600 قیمت پر فروخت ہونے لگا، بڑھتی مہنگائی سے غریب و متوسط طبقہ بری طرح متاثر ہورہا ہے۔

کوئٹہ میں بھی مرغی کے گوشت کے نرخ آسمان کو چھونے لگے ہیں، 200 روپے اضافے کے بعد چکن 700 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا، سفید پوش افراد کا مرغی کھانا بھی محال ہو گیا ہے۔

مزیدخبریں