وزیر اعظم عمران خان کی بغیر جوتوں کے تصویر کے چرچے

8 May, 2021 | 08:15 PM

M .SAJID .KHAN
Read more!

(سٹی42)وزیراعظم عمران خان روضہ رسولﷺ پر حاضری دینے کے لئےمدینہ منورہ پہنچ گئے، خاتون اوّل بھی ہمراہ ہیں،وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے عمران خان کی جوتوں کے بغیر تصویر اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی جو کہ مقبول ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان روضہ رسولﷺ پر حاضری دینے کیلئے مدینہ منورہ پہنچے تو ان کا استقبال گورنر مدینہ منورہ امیر فیصل بن سلیمان بن عبد العزیز نے کیا،وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، سینیٹر فیصل جاوید خان اور صوبائی وزیر علیم خان بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں، اس موقع پر معاونِ خصوصی برائے سیاسی مواصلات ڈاکٹر شہباز گل اور وزیرِ اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی بھی موجود ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کے مدینہ منورہ پہنچنے پر وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیراعظم کی بغیر جوتوں کے تصویر شئیر کی,تصویر شیئر کرتے ہوئےفواد چوہدری نے لکھا کہ سرکار دو عالم کے دربار میں غلام کی حاضری کا قرینہ کہ جوتے پہننے کی بھی جسارت دربارِ مصطفیٰ ﷺ تو کیا، ان کے شہر میں بھی نہیں  کرسکتا،انہوں نے کہا کہ ادب پہلا قرینہ ہے محبت کے قرینوں میں۔ 

 اس سے قبل وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں توانائی، مواصلات، ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں 50 کروڑ ڈالر کی مالی اعانت کے فریم ورک کی مفاہمتی یادداشت سمیت مختلف شعبوں باہمی معاہدوں پر دستخط کیے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل اور افغانستان امن مفاہمتی عمل سے متعلق کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔

مزیدخبریں