جمال الدین جمالی: سیشن کورٹ میں سات سالہ کمسن بچہ قتل کیس میں ننھا ملزم پیش، ننھے ملزم نے معمولی لڑائی پر چھریوں کے وار مقتول کی شہ رگ کاٹ دی تھی۔
سات سالہ ملزم بچے کو ہتھکڑی لگا کر عدالت پیش کیا گیا۔ ننھے قاتل کو دیکھ کر کمرہ عدالت میں موجود وکلاء اور سائلین حیران رہ گئے۔ملزم مزمل عرف مٹھو پر دوست کو چھریوں کے وار کرکے قتل کرنے کا الزام ہے۔ کمسن بچے مزمل عرف مٹھو کے خلاف تھانہ ہڈیارہ میں قتل کا مقدمہ درج ہوا۔ملزم نے ایک بیوہ منور بی بی کے بیٹے عبد الرحمان کو چھریوں کے وار کرکے قتل کیا تھا۔
ملزم کی جانب سے چھری کا وار گردن پر کیا گیا جس سے مقتول کی شہ رگ کٹ گئی،مقتول ملزم سے دو سال بڑا تھا۔پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزم اپنے جرم کا اعتراف بھی کر چکا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج افتخار احمد نے بچے کی حاضری مکمل کرتے ہوئے چالان کی کاپیاں دینے کا حکم دے دیا، آئندہ ہ تاریخ پر ننھے قاتل پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے خوفناک رحجان کی وجہ سے دنیا بھر میں تشدد قتل وغارت کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے،یوں دکھائی دیتا ہے جیسے افراد کی اکثریت کی قوت برداشت ختم ہوچکی ہے اور رواداری جیسی اعلیٰ صفت معاشرے سے عنقا ہوچکی ہے۔