(جنیدریاض) لاہور کے اساتذہ کیلئے بری خبر، قومی خوشحالی سروے پر ڈیوٹی سے انکار، ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے ڈیوٹی سے انکار پر اساتذہ کے بورڈ امتحانات میں ڈیوٹی کرنے پر پابندی لگادی، صرف سروے پر ڈیوٹیاں دینے والے اساتذہ کو ہی بورڈ امتحانات میں ڈیوٹیاں کرنے کی اجازت ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی خوشحالی سروے پر ڈیوٹی سے انکار کرنے پر ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے اساتذہ کے بورڈ امتحانات میں ڈیوٹی کرنے پر پابندی لگادی، صرف قومی خوشحالی سروے میں کرنے والے اساتذہ کو ہی بورڈ امتحانات میں ڈیوٹیاں کرنے کی اجازت دی جائے گی، اساتذہ پر پابندی لگنے سے بورڈ میں امتحانی عملہ کم پڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں پندرہ سو اساتذہ قومی خوشحالی سروے میں ڈیوٹیاں کر رہے ہیں، ایجوکیشن اتھارٹی نے سکول سربراہان کو قومی خوشحالی سروے میں ڈیوٹیاں دینے والے اساتذہ کی فہرست مرتب کرنے کی ہدایت کردی، سکول سربراہان کو اساتذہ کی فہرست 13 مئی تک فراہم کرنے کی پابند ہونگے۔
پنجاب ٹیچرز یونین کا کہنا ہے کہ حکومت نے اساتذہ پر غیر تدریسی ڈیوٹیاں دینے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، اساتذہ کے تدریسی کاموں پر پابندی لگانا درست اقدام نہیں۔
دوسری جانب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ٹیچرز کو گھر بیٹھے تربیت دینے میں ناکام ہوگیا، شہر کے صرف 11 فیصد اساتذہ نے ایپلیکیشن ڈائون لوڈ کی، ایجوکیشن اتھارٹی نے عدم دلچسپی کا نوٹس لے لیا،اے ای اوز کو میٹنگ کا انعقاد ممکن بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔