کرنل ( ر) مبشر جاوید کا لاک ڈاؤن کے بعد احتجاج کا عندیہ

8 May, 2021 | 10:31 AM

Sughra Afzal

شملہ پہاڑی (فصیح اللہ) سابق میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید  نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے عدالتی فیصلے کو مسترد کر دیا اور بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات نہ دیئے، بحال نہ کیا گیا تو لاک ڈاؤن کے بعد ہم احتجاج کی طرف بھی جا سکتے ہیں۔

پریس کلب میں سابق میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید نے سابق ڈپٹی میئرز میاں طارق، چوہدری بلال اور چیئرمین علیم مجید اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق میئر کا کہنا تھا کہ 4 مئی 2019 کو نیا ایکٹ بنا کر بلدیاتی نمائندوں کو ختم کیا گیا، 25 مارچ 2021 کو سپریم کورٹ نے ہمیں بحال کر دیا تاہم بحال ہونے کے باوجود پنجاب حکومت آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نوٹیفکیشن نہیں دے رہی، افسر شاہی ہمارے اختیارات بھی خود استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اپنے اختیارات لینے کے لیے دوبارہ عدالت کا رخ کیا، آرٹیکل 189 کے تحت فیصلہ آیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، تمام حکومتی مشینری کو بھی پابند کیا گیا کہ ہمارے اختیارات مانے، تاہم پنجاب حکومت مسلسل عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کر رہی ہے، پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کی عوام کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، بحال نہ کیا گیا تو لاک ڈاؤن کے بعد ہم احتجاج کی طرف بھی جا سکتے ہیں، ہم اپنا آئینی حق حاصل کرنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

مزیدخبریں