گاڑیوں کی ٹرانسفر کیلئے بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

8 May, 2020 | 04:09 PM

Sughra Afzal

(علی ساہی) محکمہ ایکسائز کا گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کی ٹرانسفر کے لیے بائیو میٹرک سسٹم مرحلہ وار متعارف کرانے کا فیصلہ، پہلے مرحلے میں صرف گاڑیوں جبکہ دوسرے مرحلے میں موٹرسائیکلوں کی بائیومیٹرک ٹرانسفر عمل میں لائی جائے گی۔

گاڑیوں و موٹرسائیکلوں کی جعلی ٹرانسفر روکنے کے لیے محکمہ ایکسائز  پنجاب کا بڑا اقدام، بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے ٹرانسفر کا عمل متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا، جس کے لیے محکمہ ایکسائز نے پی آئی ٹی بی اور نادرا سے ملکر تمام معاملات بھی طے کر لیے ہیں، اب حکومت کی منظوری کے بعد عملدرآمد شروع کردیا جائے گا۔

ڈی جی ایکسائز چوہدری مسعود الحق کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں ٹرانسفر ہوتی ہیں، ٹیسٹنگ کے طور پر اس عمل کو مرحلہ وار شروع کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں گاڑیوں کی بائیو میٹرک ٹرانسفرشروع کی جائے گی، اگر سسٹم میں خامیاں سامنے آئیں تو ان کو فوری دور کر کے موٹرسائیکلوں کی ٹرانسفر کا عمل شروع کردیا جائے گا، اس طرح شہریوں کی جعلی ٹرانسفر  کی شکایات ختم ہوجائیں گی اور سسٹم بالکل شفاف ہوجائے گا۔

یاد رہےکہ19 جنوری کو محکمہ ایکسائزنے جعلی اور چوری کے کاغذات پرگاڑیوں کی ٹرانسفراور ڈوپلیکیٹ بکس کی روک تھام کیلئے نیا سسٹم متعارف کروایا تھا کہ جوبھی شہری ڈوپلیکیٹ کاغذات پرگاڑی ٹرانسفر کروائے گا یا ڈوپلیکیٹ بک بنوائے گا، اسکی تصویرسسٹم میں بنائی جائے گی اور گاڑی کے ریکارڈکیساتھ اٹیچ کی جائے گی تاکہ اگرکسی قسم کی شکایات سامنے آئیں  تو فوری طورپرکاغذات وصول کرنیوالے کی تصویرسامنے آجائے اور اس کیخلاف موثرکارروائی ہوسکے ۔

لاہورمیں گاڑی و موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا، رواں سال کے پہلے دو ماہ کے دوران لاہور سے پانچ سو اکانوے گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں چوری اور چھینی گئیں جن میں سے پولیس نے صرف 53 گاڑیاں وموٹرسائیکلیں برآمد کیں۔

مزیدخبریں