لاہور میں کل سے کونسی مارکیٹیں کھل جائیں گی؟

8 May, 2020 | 02:20 PM

Sughra Afzal

(عثمان علیم)  لاہور میں کونسی مارکیٹیں کھولی جائیں گی اور کونسی بند رہیں گی؟ ضلعی انتظامیہ نے فارمولا طے کرنے کے لیے تمام چھوٹی بڑی مارکیٹوں کی لسٹیں وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا دیں، فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کی اجازت سے مشروط ہوگا۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کس حد تک ہو گی، شہر میں کل سے کونسی مارکیٹیں کھل جائیں گی اور کونسی بند رہیں گی؟؟ ضلعی انتظامیہ نے فہرستیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان کو بھجوا دیں، چھوٹی مارکیٹس کھولنے کے لیے ہیلتھ ایڈوائزی کا خیال رکھنا ضروری قرار ہوگا، قطارمینجمنٹ سسٹم، ہینڈ سینٹائزر، فیس ماسک اور گلوز کا استعمال لازمی ہو گا، مارکیٹوں میں افسران کے ہمراہ ٹائیگر فورس ٹیمیں ملکر کام کریں گی، ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنیوالوں کےخلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔

 وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوائی گئی لسٹ کےمطابق شہر میں 54 چھوٹی مارکیٹوں کو کھولنے کی تجویز دی گئی ہے، بھجوائی گئی رپورٹ کے مطابق ایک جیسا کاروبار کرنے والی مارکیٹوں کی تعداد چالیس اور بڑی مارکیٹوں کی تعداد بیاسی ہے، ملاجلا کاروبار کرنے والی مارکیٹس کی تعداد چھیانوے ہے، شہرمیں دو روز ہفتہ اور اتوار  کو مارکیٹیں مکمل بند ہوں گی، جبکہ پانچ روز ایس او پیز کے تحت کھلنے والی مارکیٹوں کو صبح فجر سے شام پانچ بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز  پنجاب حکومت نے صوبے میں چھوٹی مارکیٹیں اور چھوٹی دکانیں کھولنے کا فیصلہ کیا، چھوٹی مارکیٹیں اور چھوٹی دکانیں صبح فجر سے شام 5بجے تک کھلی رہیں گی، چھوٹی مارکیٹیں اورچھوٹی دکانیں ہفتے میں 2دن بند رہیں گی۔2دن بندش کا اطلاق پہلے سے کھولی گئی فارمیسی، میڈیکل سٹورز،دودھ دہی کی دکانوں،کریانہ سٹوروں، تندوروں،بیکریوں اور دیگردکانوں پر نہیں ہوگا، کنسٹرکشن سے منسلک صنعتوں اور متعلقہ دکانوں کو کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا،  کل سے پائپ ملز، سرامکس، سینٹری ویئر ز، پینٹس، الیکٹریکل کیبلز، سوئچ بورڈز، سٹیل، ایلومینیم کی صنعتوں اور دکانوں کو کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

یاد رہے کہ 24 مارچ سے  کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں  لاک ڈاؤن نافذ ہے، لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 46 واں روز ہے، تمام  شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز، سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ، ریلوے کا پہیہ جام ہے، کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں۔

مزیدخبریں