شاپنگ پلازے کھلیں گے یا نہیں، تاجروں کا سٹیٹس واضح کرنے کا مطالبہ

8 May, 2020 | 08:40 AM

Sughra Afzal

شاہراہ تجارت (شہزاد خان) انجمن تاجران لاہور فرینڈز گروپ کے وفد نے لاہور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا  اور صدر لاہور چیمبر سے ملاقات کی، تاجروں نے ایس اوپیز کے تحت پلازے کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا۔

صدر انجمن تاجران لاہور فرینڈز گروپ عابد مشتاق چودھری نے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے باعث تاجران کو سنگین بحران کا سامنا ہے، شہر کے شاپنگ پلازوں کا تاحال سٹیٹس واضح نہیں کہ وہ دس مئی سے کھلیں گے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاپنگ پلازوں کا سٹیٹس واضح کیا جائے۔

دوران ملاقات صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ لاہور چیمبر تمام بزنس کمیونٹی کا نمائندہ ادارہ ہے، شاپنگ پلازے بھی ایس او پیز کے تحت کھلوائیں گے۔

صدر لاہور چیمبر سے ملاقات کرنے والوں میں انجمن تاجران لاہور فرینڈز گروپ کے صدر مشتاق چودھری، سیکرٹری جنرل لاہور رانا کاشف، صدر سلائی مشین مارکیٹ محمد عاصم، صدر لطیف سنٹرسلیم بھٹی، صدر پینوراما سنٹر چودھری شفقت،عزیز خان، حافظ صابر، میاں ذیشان، عرفان مغل، رانا شاہد، شیخ عدیل اور سید علی شامل تھے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے چھوٹی مارکیٹیں اور چھوٹی دکانیں کھولنے کا فیصلہ کر لیا، چھوٹی مارکیٹیں اور چھوٹی دکانیں فجر سے شام 5 بجے تک کھلی رہیں گی، چھوٹی مارکیٹیں اور چھوٹی دکانیں ہفتے میں 2 دن بند رہیں گی، 2 دن بندش کا اطلاق پہلے سے کھولی گئی فارمیسی، میڈیکل سٹورز، دودھ دہی کی دکانوں، کریانہ سٹوروں، تندوروں، بیکریوں اور دیگر دکانوں پر نہیں ہوگا۔  

حکومتی ذرائع کے مطابق کنسٹرکشن سے منسلک صنعتوں اور متعلقہ دکانوں کو کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا، کل سے مزید صنعتوں اور متعلقہ کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی، پائپ ملز، سرامکس، سینٹری ویئر ز، پینٹس، الیکٹریکل کیبلز، سوئچ بورڈز، سٹیل، ایلومینیم کی صنعتوں اور دکانوں کو کام کرنے کی اجازت ہوگی، ہارڈویئر سٹور کو بھی اوپن کیا جارہا ہے تاہم تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رہیں گے اور بورڈ کے امتحانات کو بھی ختم کردیا گیا۔

مزیدخبریں