کورونا وائرس، مساجد اور گھروں میں اذانیں دینے کا سلسلہ جاری

8 May, 2020 | 01:18 AM

Malik Sultan Awan

(جمال الدین جمالی)ہم کورونا وائرس کی مہلک وبا سے اللہ کی پناہ مانگتے ہیں، رمضان کے بابرکت مہینے میں اہل ایمان گھروں اور مساجد میں کورونا وائرس کے خاتمہ کیلئے دعائیں مانگ رہے ہیں، روزانہ اللہ اکبر کی صدائیں بلند کر رہے ہیں، آج بھی مساجد اور گھروں کی چھتوں سے اذانیں دی گئیں۔

علما کرام کی اپیل پر کورونا وائرس کی مہلک وبا سے اللہ کی پناہ اور رحمت خداوندی کے حصول کیلئے شہر کی تمام بڑی مساجد اور گھروں کی چھتوں سے اذانیں دی گئیں۔ بابرکت ماہ صیام کی مناسبت سے اہل ایمان نے خصوصی دعائیں کیں۔ روزانہ کی طرح رات کے دس بجتے ہی شہر اللہ اکبر کی صداوں سے گونج اٹھا۔ شہری کورونا وائرس سے بچاو کیلئے اللہ کی پناہ اور مدد مانگتے رہے۔

مساجدمیں اور گھروں کی چھتوں پر اذان دینے کے بعد سب نے انفرادی طور پر توبہ استغفار اور خصوصی دعائیں کیں۔ شہریوں نے اللہ سے مدد مانگی تاکہ رب العالمین اذان کی برکت سے کورونا وائرس کی شکل میں پھیلنے والی موذی وبا کا جلد خاتمہ کردے۔

دوسری جانب  کورونا وائرس کاپھیلاؤجاری ہے،  لاہور شہر میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 3 ہزار 449 ہوگئی،  پنجاب میں کورونا کے 504 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے کل تعداد 9195 تک جاپہنچی، کورونا وائرس سے اب تک 182 اموات ہوچکیں ہیں،22 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 3201 صحت یاب بھی ہوئے ، اب تک ایک لاکھ 12 ہزار 7 ٹیسٹ کیے جا چکےہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 504 نئے کیس رپورٹ ہونے سےمریضوں کی تعداد 9195 ہو گئی ہے۔ 768 زائرین سنٹرز، 1926 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدیوں، 6415 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔شہروں میں سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 3449 مصدقہ مریض ہیں۔ کورونا وائرس سے اب تک 182شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔ 3201 افراد صحت یاب ہوئے جبکہ 22 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اب تک 112007افرادکےٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

مزیدخبریں