ٹرین آپریشن بحالی کی درخواست مسترد

8 May, 2020 | 12:10 AM

Malik Sultan Awan

(سعید احمد سعید) ایمرجنسی میں بین الصوبائی سفر کرنے والے مسافروں کی امیدیں دم توڑ گئیں, وزارت ریلوے کی 10مئی سے جزوی ٹرین آپریشن بحالی کی درخواست مسترد ہوگئی، وزیر ریلوے شیخ رشید نےعید سے قبل ٹرینیں چلانے کے عزم کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق  وزیراعظم عمران خان نے بھی ٹرینیں نہ چلانے کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے موقف کی حمایت کردی، جزوی ٹرین آپریشن کی بحالی کے حوالے سے ریلوے ہیڈکوارٹر کی جانب سے کی جانے والی تیاریاں رائیگاں جبکہ لاہور سمیت ملک کی ساتوں ریلوے ڈویژن میں آج کی جانے والی فل ڈریس ریہرسل بھی رائیگاں گئیں۔

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جس طرح سب لوگوں نے لاک ڈاؤن میں حکومت کا ساتھ دیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ہماری خواہش تھی کہ 10مئی سے ٹرینیں چلا دیں مگر تمام صوبوں کی حمایت ہم حاصل نہیں کر سکے۔

عمران خان نے جمہوری وزیر اعظم کی حیثیت سے ٹرین بحالی کے معاملے کو 2سے 3دن مزید سوچ بچار کیلئے رکھا ہے۔ پوری خواہش ہے کہ غریب کی سواری ریل گاڑی کو عید سے پہلے شروع کیا جائے۔ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائینگی جو ایس او پیز میں شامل ہیں۔

توقع ہے کہ عید سے پہلے عمران خان کی اجازت سے دوبارہ ٹرینیں چلانے میں کامیاب ہو جائیں گے،شیخ رشید کی جانب سے ایمرجنسی میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے 10 دسمبر سے جزوی طور پر ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

یاد رہے اس سے قبل نومئی سے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے لاک ڈاؤن میں ممکنہ نرمی  کے باعث  وزارت ریلوے نے 10 مئی سے جزوی ٹرین آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔  وزارت ریلوے کی جانب سے لاہور ریلوے ہیڈکوارٹر کو جاری مراسلے  میں کہا گیا تھا  کہ نو مئی سے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا امکان ہے، جس کے بعد 10 مئی سے جزوی ٹرین آپریشن بحال کردیا جائے گا، لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی 10 مئی سے بین الصوبائی جزوی ٹرین آپریشن بحال کیا جائے گا۔

پہلے مرحلے میں میں لائن پر 28 سے 30 خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گئی۔ لہذا ٹرین آپریشن کی بحالی سے قبل ریلوے ہیڈکوارٹر تمام تر تیاریاں مکمل کرے، ٹرینوں کے کرایہ ناموں، اینٹی کرونا انتظامات، سٹیشنوں کی سکیورٹی سمیت دیگر معاملات کو بروقت مکمل کیا جائے۔

مزیدخبریں