(سٹی 42)امن کے دشمنوں نے باغوں کے شہر لاہور پر ایک بار پھر بزدلانہ وار کردیا، داتا دربار کے گیٹ کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں10 افراد شہید اور 24 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، سٹی 42 نے خود کش حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔
داتا کی نگر ی پر ایک بار پھر دہشگردوں کا وار، بزدل دشمنوں نے پھر سکون اور امن تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش کر ڈالی، داتا دربار گیٹ نمبر2 کے قریب کھڑی گاڑی میں دھماکہ ہوا،دھماکے میں ایلیٹ فورس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں ایلیٹ فورس کے5 اہلکار سمیت 10 افراد شہید جبکہ 24سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی،ایلیٹ فورس کی گاڑی مکمل تباہ ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو میوہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، واقعہ کے فوراً بعد اطراف کے علاقوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی جبکہ میو اور جنرل ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے زائد عملے کو ڈیوٹی پر طلب کرلیا گیا، پولیس کے مطابق حملہ خودکش تھا، حملہ آور کے اعضا فرانزک کیلئے بھیج دیئے گئے ہیں۔
دھماکے میں کتنے کلو بارود ی مواد استعمال کیا گیا؟
آئی جی پنجاب کیپٹن (ر)عارف خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ داتادربارکے باہر ہونیوالا حملہ خودکش ہے، دھماکے میں 7 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، پولیس کے مطابق دھماکے میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا ہے،دھماکے میں 9 افراد شہیدہوئےجن میں5 پولیس اہلکارشامل ہیں جبکہ 25افراد زخمی ہیں، جن میں 7 کی حالت تشویشناک ہے۔
خود کش دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی
سٹی 42 نے داتا دربار خود کش دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حملہ آور نے نیلے رنگ کی شلوار قمیض پہن رکھی ہے، حملہ آور شیش محل روڈ سے سیدھا ایلیٹ کی گاڑی کے قریب آیا اور خود کو دھماکے سے اُڑا لیا، حملہ آور کو سہولت کار کیسے داتا دربار تک لے کر آیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوٹیج کی مدد سے دھماکے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینا شروع کردیا۔
وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی لاہور دھماکے کی مذمت
وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا بھی کی, وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کوحملے کے ماسٹرمائنڈزتک پہنچنے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے آئی جی پولیس اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے تمام دورے منسوخ کرتے ہوئے امن وامان سے متعلق اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کی مکمل دیکھ بھال کی ہدایت کی ہے۔
امن دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے
گور نر پنجاب چودھری محمد سرور نے داتادر بار کے باہر ہونیوالے دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، امن دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں دہشت گردی کر نیوالے وحشی در ندے ہیں، متاثرہ افراد کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شر یک ہیں۔
دکھ کی اس گھڑی میں ساری قوم متحدہے
مسلم لیگ ق کے قائدین چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے داتا دربار کے باہر ہونیوالے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور اور مددگاروں کی شناخت کر کے ان کو فوراً کیفر کردار تک پہنچایاجائے، انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ساری قوم متحدہےاور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی لاہور دھماکے کی مذمت
حمزہ شہباز اور شہبازشریف نےخودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میاں نوازشریف کی قیادت میں گزشتہ 5 سال میں سیاسی جماعتوں، تمام صوبوں، مسلح افواج، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مدد سے دہشتگردی پر قابو پایا گیا تھا، اس کا واپس آنا افسوسناک ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھاکہ حکومت کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ کو یکسر فراموش کرنا غفلت، لاپرواہی اور عاقبت نا اندیشی کی انتہا ہے۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کی سازشیں ناکام بنائیں گے جبکہ میاں نوازشریف نے سیاسی وعسکری مشاورت سے دہشتگردی کیخلاف جو اقدامات کیے تھے ان خطوط پر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
محکمہ داخلہ کا صوبے بھر میں سکیورٹی سخت کرنے کا حکم
خودکش حملے کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام سرکاری عمارات اورمذہبی مقامات کی سکیورٹی انتظامات سخت کرنے احکامات جاری کردیئے ہیں، محکمہ داخلہ کی جانب سے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ صوبے بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔
محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ مساجد ،امام بارگاہوں اور مدارس میں سخت چیکنگ کے بعد ہی شہریوں کو داخلے کی اجازت دی جائے۔