(شاہ رخ ندیم) بارشیں لاہوریوں کیلئے رحمت بن گئیں، گرمی کی شدت میں کمی ہوگئی،محکمہ موسمیات نے لاہور میں مزید بارشوں کی نوید سنا دی، آنے والے دنوں میں پھر سے بادل برسیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند روز کی گرمی کا زور ٹوٹ گیا، شہر میں ہونے والی بارش اور ٹھنڈی ہواوں سے موسم میں خوشگوار تبدیلی آئی ہے، گرمی کے ستائے ہوئے شہریوں کے چہرے بھی خوشی سے کھل اٹھے، محکمہ موسمیات نے بادلوں کے پھر سے برسنے کی خبر دے دی, آج باغوں کے شہر میں سورج آنکھیں کھولنے کی کوشش تو کر رہا ہے لیکن ہوائیں اس کی ایک نہیں چلنے دے رہیں محکمہ موسمیات نے آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 اور کم سےکم 22ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے, ہوائیں 1 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب56فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے.
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات اجمل شاد کے مطابق بارشوں کا سپیل آج ختم ہو جائے گا، رات شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔کل سے گرمی کی شدت میں تھوڑا اضافہ ہو گا جبکہ 12 مئی سے لاہور میں بارشوں کا نیا سپیل شروع ہو گا جو 24 سے 36 گھنٹے جاری رہے گا۔