(ویب ڈیسک)سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے دست راست محمد خان بھٹی نے 164 کے اقبالی بیان میں چشم کشا انکشافات کر ڈالے۔
تفصیلات کے مطابق پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کی مبینہ کرپشن کی کہانی میں اربوں روپے کی کک بیکس شامل ہیں ،سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی نے چونکا دینے انکشافات میں پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کی مبینہ کرپشن کے پول کھول دیئے۔
محمد خان بھٹی کا اقبالی بیان میں کہناتھا کہ ایک جج نے کک بیکس لینے کیلئے اپنے دو بیٹوں کو فرنٹ مین رکھا تھا، پی ٹی آئی قیادت اور چودھری پرویز الٰہی کی ہدایت تھی کہ جج کے بیٹوں کا کام نہیں رکنا چاہئے۔
سابق پرنسپل سیکرٹری نے کہاکہ ماسٹر پلان لاہور میں مونس الٰہی نے اربوں روپے لئے ،میاں امیر محمود، نصر اللہ وڑائچ، چودھری اعجاز کو فائدہ دے کر رقم بٹوری گئی، محمد خان بھٹی کاکہناتھا کہ پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے گجرات کے ٹینڈر میں 50 لاکھ کے ٹینڈر میں 35 فیصد کک بیکس لیں، بلڈنگ ڈویژن گجرات میں ساڑھے 3 فیصد، انڈسٹریل اسٹیٹ گجرات اور حافظ آباد ٹو گجرات پر 35 فیصدجبکہ پنجاب ماس ٹرانزٹ بسوں کی خریداری میں 10 فیصدکک بیکس سہیل نامی فرنٹ مین کے ذریعے لی گئیں۔
محمد خان بھٹی کے ہوش اڑا دینے انکشافات کا سلسلہ یہی نہیں رکتا ، ملزم کاکہناتھا کہ سالڈویسٹ مینجمنٹ کے کنٹریکٹ میں ایاز خان نے 7 فیصد کک بیکس لیں،ایک جج نے اپنے دوبیٹوں کو فرنٹ مین رکھا تھا، جج کے بیٹے کک بیکس لیتے تھے اور تعیناتیاں بھی کرتے تھے،پی ٹی آئی کی قیادت اور پرویز الٰہی کی ہدایت تھی کہ جج کے بیٹوں کا کام نہیں رکنا چاہئے۔
محمد خان بھٹی کے اربوں روپے کے اثاثوں کا بھی پتہ لگ گیا،سابق پرنسپل سیکرٹری نے اعتراف کیاکہ رائیونڈ میں ساڑھے ایکڑزمین پر اس کا فارم ہاﺅس ہے،مونس الٰہی کے ذریعے شوگر مل میں 25 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے،اس کے علاوہ رحیم یار خان کی شوگر مل میں 10 کروڑ کا سرمایہ لگارکھا ہے،خواجہ موٹرز لاہو رمیں 10 کروڑاور سرگودھا مال نظام حیدر کے ساتھ 7 کروڑ کی سرمایہ کاری کی۔
محمد خان بھٹی کی منڈی بہاﺅالدین میں 150 ایکڑ زرعی اراضی اور200 جانوروں پر مشتمل ڈیری فارم ہے،جوہر ٹاﺅن لاہور میں 8 مرلے کا گھر بھی ہے،ایک ہاﺅسنگ سوسائٹی میں ایک کنال پر گھر زیرتعمیرہے، اتحاد ٹاﺅن لاہور میں 7 مرلہ کمرشل اور10 مرلہ رہائشی پلاٹ ہے،محمد خان بھٹی کاکہناتھا کہ نوکریاں دینے اور پنجاب اسمبلی میں سینکڑوں افراد بھرتی کرانے میں کروڑوں روپے لئے گئے۔
یاد رہے کہ 26 فروری 2023کو افغانستان بھاگنے کی کوشش میں پولیس نے محمد خان بھٹی کو اسلحہ سمیت گرفتارکیاتھا۔